رسائی کے لنکس

چین: زلزلےکےپانچ روز بعد ملبےسے زندہ افرادکو نکال لیا گیا


مغربی چین میں اُس ہولناک زلزلے کے پانچ دن بعد جس میں ایک پورا علاقہ تباہ ہوگیا ہے، پیر کے روز امدادی ٹیموں نےملبے سے ایک عمر رسیدہ عورت اور ایک چار سال کی بچّی کو زندہ سلامت نکال لیا۔

مقامی ٹیلی ویژن نے چی گو شہر میں امدادی کارکنوں کو 68 سالہ عورت اور ایک چھوٹی بچّی کو ایک گھر کے ملبے سے باہر نکالتے ہوئے دکھایا ہے۔ صوبہ چِنگ ہائى میں پچھلے ہفتے جو زلزلہ آیا تھا، یہ شہر اُس کے مرکز کے بہت قریب ہے ۔

اس بچّی اور عورت کے رشتے دار ملبے میں ایک سوراخ کے راستے اُن دونوں کے لیے پینے کا پانی اور خوراک پہنچاتے رہے تھے۔

چین کے سرکاری ٹیلی ویژن نے پیر کے روز ایک اور منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور شخص کو زندہ نکال لینے کی اطلاع بھی دی ہے۔

اسی دوران سرکاری خبر رساں ایجنسی سِنہوا نے کہا ہے کہ زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 1944 ہوگئى ہے۔خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ مزید 216 افراد ابھی تک لا پتا ہیں۔

XS
SM
MD
LG