رسائی کے لنکس

چین: زلزلے سے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری


چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق زلزلے سے 410 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 80 ہزار گھر مکمل تباہ اور ایک لاکھ 24 ہزار کو شدید نقصان پہنچا۔

چینی امدادی کارکن جنوب مغربی پہاڑی صوبے یننان میں زلزلے سے تباہ شدہ ہزاروں گھروں میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اتوار کو 6.1 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد 410 تک پہنچ گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز ایک دور افتادہ قصبہ لونگٹاؤشان میں تھا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کا کہنا تھا کہ زلزلے سے 80 ہزار گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ ایک لاکھ 24 ہزار کو شدید نقصان پہنچا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت کی طرف سے بھیجے گئے 18 ہزار افراد علاقے میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں لیکن شدید طوفانی ہواؤں کی وجہ سے خوراک، پانی اور خیمے فراہم کرنے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔

موسم کی موجودہ صورت حال مزید چند روز جاری رہنے کی پیشں گوئی کی جا رہی ہے جس سے سیلاب اور تودے گرنے کے واقعات بھی رونما ہو سکتے ہیں۔

ژنہوا کے مطابق اس علاقے میں گزشتہ ایک صدی میں یہ شدید ترین زلزلہ تھا۔

چین کے جنوب مغربی حصے میں زلزلے کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ 2012ء میں یننان میں آنے والے زلزلے میں 80 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG