رسائی کے لنکس

جی ایم موٹرز کا چین میں کاروبار بڑھانے کا منصوبہ


امریکہ میں قائم دنیا کی سب سے بڑی موٹر ساز کمپنی جنرل موٹرز یعنی جی ایم نے کہاہے کہ وہ چین میں اپنی گاڑیوں کی تیاری اور فروخت کا دائرہ بڑھا رہاہے تاکہ اس گنجان آباد ملک کی مارکیٹ کا بڑا حصہ حاصل کرسکے۔

جی ایم کمپنی کے سربراہ ڈین ایکرسن نے بیجنگ میں منعقدہ گاڑیوں کی نمائش میں پیر کے روز کہا کہ ان کی کمپنی اس سال چین میں اپنے مزید 600 ڈیلرشپ قائم کرے گی جبکہ اس کے 2900 ڈیلر شپ پہلے ہی اس ملک میں کام کررہے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ جی ایم 2016ء تک چین میں اپنی گاڑیوں کی پیداوار 50 لاکھ کاریں سالانہ تک بڑھانا چاہتی ہے۔ یہ تعداد اس سے تقریباً دوگنا زیادہ ہے جتنی گاڑیاں جی ایم اور اس کے شراکت داروں پچھلے سال چین میں فروخت کی تھیں۔

جی ایم کا شمار چین میں اپنے کاروبار بڑھانے والی چند بین الاقوامی آٹو کمپنیوں میں ہوتا ہےاور ماہرین کو توقع ہے کہ آنے والے برسوں میں ان کی فروخت میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوگا۔

پچھلے سال چین میں ایک کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں جب کہ اقتصادی ماہرین کا کہناہے کہ 2020ء تک چین میں گاڑیوں کی خرید تین کروڑ سالانہ تک پہنچ جائے گی۔

امریکہ کی دوسری سب سے بڑی موٹر ساز کمپنی فورڈ موٹر کارپوریشن نے حال ہی میں کہا ہے کہ وہ جلد ہی چین میں اپنے دو نئے پلان کھولنا چاہتی ہے جب کہ اس کے تین پلانٹ چین میں پہلے ہی کام کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG