رسائی کے لنکس

سینکڑوں چینی ویب سائٹس ہیک


بدنامِ زمانہ بین الاقوامی ہیکر گروپ 'اینونیمس' نے چین میں انٹرنیٹ پر عائد پابندیوں کے خلاف بطورِ احتجاج سینکڑوں چینی ویب سائٹ ہیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

گروپ کی جانب سے انٹرنیٹ پر جاری کیے جانے والے ایک پیغام میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران میں چین کی کم از کم 500 ویب سائٹوں کو غائب کرنے، خراب کرنے اور ان سے معلومات چرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

گروپ کے مطابق ان ویب سائٹوں میں شہری حکومتوں کے آن لائن صفحات سمیت کئی سرکاری ویب سائٹ بھی شامل ہیں۔

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ بیجنگ حکومت کی کئی ویب سائٹوں کو ہیکنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے اہم انہوں نے 'اینونیمس' کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین میں انٹرنیٹ صارفین کو اظہارِ رائے کی آزادی حاصل ہے۔

چینی حکومت کی ایک ویب سائٹ پر ہیکروں نے تنقیدی پیغام بھی چھوڑا ہے جس میں چین میں انٹرنیٹ پر عائد پابندیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان سے بچنے کے طریقے بتائے گئے ہیں۔

ہیکروں کے گروپ نے کہا ہے کہ اس نے چینی حکومت کے آمرانہ رویے کے خلاف چینی ویب سائٹوں کو نشانہ بنایا ہے جو گروپ کے بقول اپنے شہریوں کو غیر منصفانہ قوانین اور غیر صحت مندانہ ہتھکنڈوں سے تنگ کر رہی ہے۔

'اینو نیمس' کی جانب سے ہیک کی گئی بیشتر ویب سائٹ بحال کردی گئی ہیں لیکن اب بھی کئی متاثرہ ویب سائٹوں پر خرابی کے پیغامات ظاہر ہورہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG