رسائی کے لنکس

چین کا جاپانی حکومت سے معافی کا مطالبہ


چین نے جاپان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اُس کی ایک ماہی گیر کشتی کے کپتان کو دو ہفتوں سے زائد عرصے تک قید میں رکھنے پر معذرت کرے۔ ”فشنگ بووٹ“ یا مچھلی پکڑنے کے لیے استعمال ہونے والی چینی کشتی کے کپتان کی رہائی عمل میں آنے کے کچھ ہی دیر بعد چین نے اسے ”غیر قانونی“ حراست قرار دے کر یہ مطالبہ کیا ۔

چینی وزرات خارجہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں جاپانی حکومت کے اقدام کواپنے ملک کی خود مختاری اور کشتی کے کپتان کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردیا۔ کشتی کو چین اور جاپان کے درمیان متنازع جزائر سے پکڑا گیا تھا۔

چین کا ایک خصوصی طیارہ ہفتے کی صبح کپتان ”Zhan Qixiong “ کو جاپانی ائیر پورٹ سے لے کرواپس روانہ ہوا۔

اس سے قبل نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہونے والے اجلاس ، جہاں عالمی رہنماء ملاقاتیں بھی کررہے ہیں ، جاپانی وزیر اعظم ”Naoto Kan “ نے کہا کہ جاپان اور چین دو اہم پڑوسی ملک ہیں اور وہ ایک دوسرے سے ضرور تعاون کریں گے۔

امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نے جاپان کی طرف سے چینی کشتی کے کپتان کی رہائی کے فیصلے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس سے دونوں ملکوں میں پائی جانے والی کشید گی میں کمی آئے گی۔

XS
SM
MD
LG