رسائی کے لنکس

شمالی چین کے ایک دریا میں تیل کے اخراج پرقابو پانے کی کوششیں



شمالی چین میں لگ بھگ 700 کارکن اُس نقصان زدہ پائپ لائین سے تیل کے اخراج کو محدود رکھنے کی کوشش کررہے ہیں، جس نے ہزاروں لِیٹر ڈِیزل دریائے زرد کے ایک معاون دریا میں پہنچا دیاہے۔ دریائے زرد چین میں لاکھوں لوگوں کے لیے تازہ پانی کا اہم وسیلہ ہے۔

مقامی حکومت کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ بدھ کو دیر گئے اُس وقت پیش آیا تھا جب چین کی نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن کی پائپ لائین صوبہ شانسی میں ایک مقام پر پھٹ گئى اور تیل کی بھاری مقدار بہہ کر وئےنامی دریا میں پہنچ گئى۔

دریا میں پانی کی سطح پر تیل کے چادر کو محدود رکھنے کے لیے ہنگامی کاموں پر مامور کارکنوں نے دریا میں 17 تیرتے ہوئے بند بنا دیے ہیں۔پائب لائین سے تیل خارج ہونے کے مقام سے دریا کے زیریں حصّے میں33 کلومیٹر دُور تک پہلے ہی بہتے ہوئے تیل کا سُراغ مل چکا ہے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سِنہوا نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 50 ہزار لِیٹر تک تیل بہہ کر دریا میں گیا ہے۔

نائب صدر لِی کے چیانگ نے مقامی حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ خارج ہونے والے تیل اور آلودگی کو دریائے زرد تک پہنچنے سے روکنےکے اقدامات کرنے کے ساتھ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کے لیے پینے کا پانی محفوظ رہے۔

XS
SM
MD
LG