رسائی کے لنکس

چین: تائیوان کے شہریوں کے لیے سفری سہولت پر غور


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیال کیا جارہا ہے کہ اس ترمیم کا مقصد تائیوان میں آئندہ سال جنوری میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے پہلے ووٹروں کو متاثر کرنا ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق تائیوان کے شہریوں کی چین آمد کو آسان بنانے کے لیے قواعد و ضوابط میں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اس ترمیم کا مقصد تائیوان میں آئندہ سال جنوری میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے پہلے ووٹروں کی حمایت حاصل کرنا ہے۔

شائع شدہ خبروں کے مطابق حکومت کے مشیر یو زنگ شنگ نے اختتام ہفتہ چین تائیوان فورم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تبدیل شدہ قواعد کے مطابق چین آنے کے لیے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

اطلاعات کے مطابق بیجنگ کی طرف سے تائیوان سے تعلق رکھنے والے افراد کو پاسپورٹ جیسی دستاویز کی بجائے کمپیوٹر سے پڑھے جانے والا ایک سادہ کارڈ جاری کیا جائے گا۔

چین تائیوان کو اپنا ایک صوبہ خیال کرتا ہے جو 1949 کی خانہ جنگ کے دوران ملک سے الگ ہو گیا تھا۔ چین تائیوان کی خودمختار حکومت کی طرف سے جاری کیے جانے والے پاسپورٹ کو تسلیم نہیں کرتا ہے۔

گزشتہ ایک دہائی کے دوران چین تائیوان کے رائے دہندگان کو مختلف ترغیبات سے متاثر کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے جس میں چینی مارکیٹ تک تائیوان کی زرعی اجناس کی رسائی اور امیر چینی شہریوں کا سیاحت کے لئے تائیوان جانا شامل ہے۔

تاہم تائیوان کے کئی ووٹر تائیوان کی سیاسی آزادی کے متاثر ہونے کے خدشات کی بنا پر چین سے قریبی تعلقات کو پسند نہیں کرتے اور انہیں یہ پریشانی لاحق ہے کہ اس کے فوائد جدوجہد کرنے والے متوسط طبقے کی بجائے زیادہ امیر اور بڑی کمپنیوں کو پہنچیں گے۔

حکمران نیشنلسٹ پارٹی کی چین نواز پالیسیوں پر عدم اطمینان کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقامی انتخابات میں حزب اختلاف کی ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی نے بڑی کامیابی حاصل کی۔

تائیوان کی حکمران نیشنلسٹ پارٹی کے برعکس ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی چین کے اس موقف کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے جس میں وہ چین اور تائیوان کو ایک ہی ملک تسلیم کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG