رسائی کے لنکس

چینی اسٹاک ایکسچینج شدید اتار چڑھاؤ کا شکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین کے سکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن نے جمعرات کو ہنگامی اقدام کرتے ہوئے بڑے سرمایہ کاروں پر اگلے چھ ماہ تک اپنے حصص فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

چین کے اسٹاکس میں جمعرات کو شدید اتار چڑھاؤ پیدا ہوا مگر تین ہفتے سے جاری مندی سے نمٹنے کے لیے بیجنگ کے نئے اقدام کے بعد کچھ بہتری ہوئی ہے۔

کاروبار شروع ہونے کے بعد شنگھائی اسٹاک ایکسچینج 3.5 فیصد نیچے آئی، مگر دوپہر تک مثبت سطح پر واپس آ گئی۔ ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ میں بھی دن کے آغاز پر مندی رہی لیکن بعد میں اس کے کاروبار میں تین فیصد اضافہ ہوا۔

حالیہ دنوں میں چین کے سرمایہ کاروں نے بڑی تیزی سے اپنے حصص فروخت کیے جس سے مندی کا آغاز ہوا۔ مندی نے وسط جون سے اب تک منڈی کی 30 فیصد قدر کم کر دی ہے۔

چین کے سکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن نے جمعرات کو ہنگامی اقدام کرتے ہوئے بڑے سرمایہ کاروں پر اگلے چھ ماہ تک اپنے حصص فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے ’شینخوا‘ کے مطابق پولیس ’’کم قیمت پر خطرناک فروخت‘‘ کے عمل کی تحقیقات کرے گی۔ یہ ایک ایسی پیچیدہ ترکیب ہے جس کے ذریعے سرمایہ کار اسٹاکس کی قدر میں کمی سے منافع کما سکتے ہیں۔

مین لینڈ چائنا پر منڈی کے 40 فیصد حصے پر مشتمل 1,400 کے قریب اندراج شدہ کمپنیوں نے بڑے پیمانے پر حصص کی فروخت سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے تجارت روک دی ہے۔

چینی اسٹاک مارکیٹ میں قیمتوں کے یک لخت گر جانے اور یونان کے قرضوں کے بحران نے عالمی سطح پر سرمایہ داروں کو پریشان کر دیا ہے۔ دوپہر تک ٹوکیو، سیول اور سڈنی میں تجارت مندی کا شکار تھی۔

امریکہ کے وزیرِ خزانہ جیک لیو نے بدھ کو کہا کہ اس جھٹکے سے چین کی پہلے سے سست ہوتی ہوئی طویل المدت نمو پر اثر پڑنے کے بارے میں ’’حقیقی‘‘ تشویش پائی جاتی ہے۔

کچھ تجزیہ کاروں نے سوال کیا ہے کہ آیا چینی حکومت کی منڈیوں میں بڑے پیمانے پر مداخلت مددگار ثابت ہو گی یا یہ صرف ناگزیر اصلاح کو مؤخر کر رہی ہے۔

حالیہ دنوں میں چین نے بنیادی شرح سود کو کم، اسٹاک میں سودوں کی فیس کو کم اور اسٹاک خریدنے کے لیے کم سے کم رقم جمع کرنے کے ضوابط کو نرم کر کے اسٹاکس کی خریداری کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کی ہے۔

بدھ کو سب سے بڑی سرکاری کمپنیوں کی نگرانی کرنے والے ادارے نے انہیں اپنے حصص فروخت کرنے سے منع کیا مگر ’’منڈی کے استحکام‘‘ کے لیے حصص کی خریداری کی ترغیب دی ہے۔

XS
SM
MD
LG