رسائی کے لنکس

چین کے صدر کی تائیوان کی حکمران جماعت کے رہنما سے ملاقات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایرک چو ممکنہ طور پر تائیوان میں آئندہ برس ہونے والے صدارتی انتخابات میں اُمیدوار ہوں گے۔

چین کے صدر شی جنپنگ نے تائیوان کی حکمران جماعت نیشنل پارٹی کے سربراہ ایرک چو سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور تائیوان کے دو طرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی پیش رفت پر بات کی۔

تائیوان کی حکمران جماعت کے سربراہ چین کے دورے پر ہیں۔ پیر کو یہ ملاقات بیجنگ میں گریٹ ہال آف دی پیپل میں ہوئی جس سے قبل مہمان رہنما نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ چین اور تائیوان خطے میں امن کے لیے مل کر کام کریں گے اور اقتصادی معاملات اور ماحولیاتی مسائل پر تعاون کریں گے۔

ایرک چو جو ممکنہ طور پر تائیوان میں آئندہ برس ہونے والے صدارتی انتخابات میں اُمیدوار ہوں گے، نے چین کی طرف سے متنازع سپریٹلی جزیروں پر ’رن وے‘ اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر کوئی بات نہیں کی۔

ان جزیروں پر تائیوان، فلپائن اور ویتنام سمیت چین کے کئی ہمسایہ ممالک ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔

چو نے اتوار کو چین کی پولٹ بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن زوژنگشنگ سے شنگھائی میں ملاقات کی۔

اُنھوں نے اس ملاقات می چین کی سربراہی میں قائم ہونے والے ایشین انفرا سٹرکچر بینک میں تائیوان کے کردار سے متعلق بات چیت کرنے کی تجویز دی۔

چین اس بینک میں تائیوان کی شمولیت چاہتا ہے، لیکن وہ ایسا تائیوان کے اپنے نام کے ساتھ نہیں کرنا چاہتا تاکہ یہ تاثر نا دے کہ تائیوان ایک آزاد ملک ہے۔

چین اور تائیوان 1949ء کے خانہ جنگی کے بعد علیحدہ ہو گئے تھے۔ چین تائیوان کو اس سے الگ ہونے والا اپنا صوبہ خیال کرتا ہے اور وہ یہ دھمکی بھی دے چکا ہے کہ وہ اسے چین میں شامل کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر طاقت کا استعمال بھی کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG