رسائی کے لنکس

چین: تبت میں سیاحوں کی آمد پر پابندی


سیاحتی سفر کی سہولتیں فراہم کرنے والی کمپنیوں نے کہاہے کہ چین کے حکام نے غیر ملکی سیاحوں کا تبت میں داخلہ بند کردیا ہے اور اس علاقے کے لیے ان کے ویزے منسوخ کردیے ہیں۔

یہ اقدام حالیہ دنوں میں دو تبتی نوجوانوں کی خود سوزی کے واقعہ کے بعد کیا گیا ہے جنہوں نے علاقے میں چینی اقتدار کے خلاف احتجاجاً خود کو نذر آتش کرلیاتھا۔

غیر ملکی سیاحوں کی تبت میں پابندی کی وجہ کے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔ جب کہ بیجنگ میں موجود کئی ٹور آپریٹرز کا کہناہے کہ یہ پابندیاں کئی ماہ تک جاری رہ سکتی ہیں۔

یہ پابندی ایک ایسے موقع پر لگائی گئی ہے جب تبتی باشندے مہاتما بدھ کی پیدائش کے موقع پر دو ماہ تک جاری رہنے والے تہوار کی تیاریاں کررہے ہیں ، جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں سیاح تبت کارخ کرتے ہیں۔

چین نے پچھلے سال بھی تقریباً اسی عرصے میں غیر ملکی سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگائی تھی اور چین کی حکومت گاہے بگاہے مذہبی تہواروں اور بے چینی کے دنوں میں یہ پابندیاں عائد کرتی رہتی ہے۔

مارچ 2011ء سے چین کے اقتدار کے خلاف بودھ بھگشوؤں ، راہباؤں اور ان کے حامیوں سمیت تقریباً 40 افراد خود سوزی کرچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG