رسائی کے لنکس

دفاعی بجٹ میں سات سے آٹھ فیصد اضافہ ہوگا: چین


چین کی میرین کور کے اہلکار سنکیانگ صوبے میں تربیت کے دوران۔ فائل فوٹو
چین کی میرین کور کے اہلکار سنکیانگ صوبے میں تربیت کے دوران۔ فائل فوٹو

چین کی فوج کو 23 لاکھ سے کم کر کے 20 لاکھ فوجیوں تک محدود کیا جا رہا ہے۔ تاہم کم تعداد کے باوجود چین کی فوج دنیا کی سب سے بڑی مستقل فوج ہو گی۔

چین کا کہنا ہے کہ وہ اس سال اپنے دفاعی بجٹ میں سات سے آٹھ فیصد اضافہ کرے گا۔ یہ چھ سال میں پہلی مرتبہ چین کے دفاعی بجٹ میں سب سے کم اضافہ ہوگا۔

اس سے قبل کئی برسوں سے چین ہر سال اپنے بجٹ میں 10 فیصد یا اس سے زیادہ اضافہ کرتا رہا ہے۔

اس کی وجہ چین کی سست اقتصادی ترقی اور چین کی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اس میں تین لاکھ فوجیوں کی کمی کا منصوبہ ہے۔

چین کی فوج کو 23 لاکھ سے کم کر کے 20 لاکھ فوجیوں تک محدود کیا جا رہا ہے۔ تاہم کم تعداد کے باوجود چین کی فوج دنیا کی سب سے بڑی مستقل فوج ہو گی۔

چینی پارلیمان کی ترجمان فو یِنگ نے جمعہ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس کے بارے میں صحیح اعدادوشمار ہفتے کو پارلیمان کا سالانہ اجلاس شروع ہونے کے بعد جاری کیے جائیں گے۔

چین نے پچھلی دو دہائیوں کے دوران اپنے دفاع میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور بحیرہ جنوبی چین کے علاقے پر اپنے دعووں کے دفاع کے لیے وہاں تعمیری سرگرمیوں میں ملوث ہے جس سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔

گزشتہ سال بیجنگ نے اپنے دفاعی بجٹ میں 10.1 فیصد اضافہ کیا تھا جس سے اس کا مجموعی دفاعی بجٹ 136 ارب ڈالر ہو گیا تھا۔ یہ رقم امریکہ کے گزشتہ سال کے دفاعی بجٹ کا لگ بھگ ایک چوتھائی ہے۔

تاہم چین کے ناقدین کا کہنا ہے کہ چین بتائے گئے اعدادوشمار سے زیادہ اپنے دفاع پر خرچ کرتا ہے۔

دوسری طرف چین کا مؤقف ہے کہ اس کی فوج صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔

XS
SM
MD
LG