رسائی کے لنکس

پیدل چلیں اور سائیکل کا استعمال کریں: چینی حکومت


(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

اس سال اپریل میں ملک کے ماحول کےتحفظ سے متعلق قانون میں ترمیم کی گئی تھی جس کے تحت چینی شہریوں کے لیے ماحول کا تحفظ کرنا لازمی قرار دیا گیا۔

چین نے ملک میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اپنے شہریوں پر پیدل چلنے اور بائیسکل استعمال کرنے پر زور دیا ہے۔

حکومت نے اپنے شہریوں کے لیے اس حوالے سے" خاص رویہ" اپنانے کے بارے میں رہنما اصول جاری کیے ہیں جو ملک میں فضائی آلودگی اور ماحول کو ہونے والا نقصان کم کرنے میں معاون ہوں گے۔

چینی حکومت نے ملک میں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ہونے والی تیز رفتار معاشی ترقی کی وجہ سے ماحول کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے حوالے سے عوام کی شمولیت کو اہم قرار دیا ہے۔

چین کی ماحولیات کی وزارت کی ویب سائیٹ پر بدھ کو آٹھ طرح کے رویوں کا ذکر کیا گیا ہے جں میں کوڑا کرکٹ کو نہ جلانا اور آتش بازی کو محدود کرنا بھی شامل ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ چینی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آلودگی کے کنٹرول کرنے کے بارے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور اس حوالے سے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع حکام کو دیں۔

اس سال اپریل میں ملک کے ماحول کےتحفظ سے متعلق قانون میں ترمیم کی گئی تھی جس کے تحت چینی شہریوں کے لیے ماحول کا تحفظ کرنا لازمی قرار دیا گیا۔

حکام کی طرف سے اپریل میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق چین کے دارالحکومت میں 31 فیصد ماحولیاتی آلودگی گاڑیوں کی وجہ سے ہے، جبکہ 22.4 فیصد کوئلہ جلانے سے اور 18.1 فیصد صنعتوں کی وجہ سے ہے۔

بیجنگ کی ماحولیاتی بیورو کا کہنا ہے کہ 14.1 فیصد ماحولیاتی آلودگی کئی چھوٹی وجوہات کی بنا پر ہے جن میں گھروں میں کھانوں کی تیاری، مال و مویشیوں کی پرورش اور گاڑیوں کی مرمت وغیر ہے۔

XS
SM
MD
LG