رسائی کے لنکس

چین میں نابینا کارکن کی امریکی سفارت خانے سے واپسی: رپورٹ


چن گوانگ چینگ
چن گوانگ چینگ

امریکی عہدے داروں کا کہناہے کہ اپنے گھر پر نظر بند کیا جانے والا ایک حکومت مخالف نابینا سرگرم چینی کارکن ، جو فرار ہوکر بیجنگ میں واقع امریکی سفارت خانے پہنچ گیاتھا، اپنے علاج معالجے کی غرض سے سفارت خانے سے واپس اپنے خاندان کے پاس چلا گیا ہے۔

ایک امریکی عہدے دار نے بدھ کے روز کہا کہ چین کی حکومت ’چن گوانگ چنگ کو ملک کے اندر کسی محفوظ مقام پر منتقل کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔

عہدے دار کا کہناہے کہ چن نے امریکہ سے سیاسی پناہ کے حصول کی درخواست نہیں کی تھی۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کہاہے کہ انہیں خوشی ہے کہ امریکی عہدے دار اپنی قومی اقدار اور چن کی خواہشات کے مطابق اسے سفارت خانے سے رخصت کرنے اور مناسب رہائش کے انتظام میں مدد دینے میں کامیاب رہے ہیں۔

وزیر خارجہ کلنٹن جمعرات سے شروع ہونے والے سیکیورٹی اور اقتصادیات پر دو روزہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے سلسلے میں بیجنگ میں ہیں۔

بدھ کی صبح چین کے سرکاری خبررساں دارے سنہوا نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ چن امریکی سفارت خانے سے چلے گئے ہیں ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چن اپنی نظر بندی توڑ کر چھ روز تک امریکی سفارت خانے میں مقیم رہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے امریکہ سے یہ مطالبہ کیاتھا کہ وہ چن کو اپنے سفارت خانے میں رہنے کی اجازت دینے پر معافی مانگے، جو ان کے بقول چین کے اندرونی معاملات میں ایک ناقابل قبول مداخلت کے مترادف تھا۔

امریکہ سے یہ بھی مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ آئندہ کسی حکومت مخالف شخص کو پناہ نہ دینے کی یقین دہانی بھی کرائے۔
کمیونسٹ پارٹی کے ایک اخبار گلوبل ٹائمز کے ایک اداریے میں کہا گیا ہے کہ چن کے واقعہ سے امریکہ ا ور چین کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG