رسائی کے لنکس

چین اور امریکہ میں 'تصادم تباہ کن‘ ہو سکتا ہے: چینی صدر


چین کے صدر اور امریکی وزیرخارجہ

چین کے صدر اور امریکی وزیرخارجہ

کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ چین کو محدود نہیں کرنا چاہتا لیکن امید ہے کہ وہ علاقے استحکام میں "پرامن، مستحکم اور خوشحالی" میں اپنا حصہ ڈالنے والا بنے۔

امریکہ اور چین کے درمیان دو روزہ سالانہ مذاکرات کا آغاز بدھ کو ہوا جس میں دونوں ملکوں کے عہدیداروں نے باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

افتتاحی اجلاس میں صدر ژی جنپنگ نے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان تصادم "یقینی طور پر تباہ کن" ہو گا۔

"سینو۔ یو ایس تعاون ایک اہم سنگ میل ہو سکتا ہے جو کہ دونوں ملکوں اور دنیا کے لیے فائدہ مند ہے۔ امریکہ اور چین میں تصادم دونوں ملکوں اور دنیا کے لیے تباہ کن ہو گا۔ موجودہ حالات کے پیش نظر ہم دونوں کو بہت آگے تک دیکھا چاہیے، تعاون کو فروغ اور اس پر قائم اور تصادم سے بچنا چاہیے۔"

کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور وزیر خزانہ جیک لیو نے بھی کیا۔ یہ دونوں عہدیدار امریکی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔

کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ چین کو محدود نہیں کرنا چاہتا لیکن امید ہے کہ وہ علاقے کے استحکام میں "پرامن، مستحکم اور خوشحالی" میں اپنا حصہ ڈالنے والا بنے۔

"اور اختلافات کے باوجود ہم دونوں مشترکہ راہ تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہی وہ بنیاد ہے جس پر ہمیں مستقبل کی خوشحالی استوار کرنی ہے اور ساتھ ہی ساتھ امن و استحکام کی ممکنات بھی"۔

ایسے حوصلہ افزا بیانات سالانہ مذاکرات کے دوران معمول کے مطابق سامنے آتے رہتے ہیں۔ لیکن اس کے علاوہ ہونے والی ملاقاتوں میں فریق ان حساس امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں جو دو طرفہ تعلقات کے لیے چینلج ہوتے ہیں۔

دنوں ملکوں کے درمیان اختلافات کا ایک پہلو اقتصادی معاملات بھی ہیں جن میں چین کی کرنسی کی قدر اور چینی منڈیوں تک امریکہ کی زیادہ رسائی کے امور شامل ہیں۔

اپنے افتتاحی خطاب میں امریکی وزیرخزانہ جیک لیو کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ چین اپنی کرنسی کے تبادلے کی قدر کو مارکیٹ کے مطابق کرے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے کارکنوں اور کمپنیوں کو مسابقت کا مساوی میدان دیا جانا ضروری ہے۔

چین کے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مشرقی اور جنوبی بحیرہ چین میں جغرافیائی تنازعات بھی چل رہے ہیں اور یہ امور بھی دو طرفہ بات چیت میں زیر بحث آنے کی توقع ہے۔

XS
SM
MD
LG