رسائی کے لنکس

چینی ملاح نے کوریائی محافظ مار ڈالا


چینی ملاح نے کوریائی محافظ مار ڈالا
چینی ملاح نے کوریائی محافظ مار ڈالا

جنوبی کوریا کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک چینی کشتی کے کپتان نے جنوبی کوریا کے ایک بحری محافظ کو ہلاک اور اس کے ساتھی کو زخمی کردیا ہے۔

حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بحری محافظوں نے چینی کشتی کو جنوبی کوریا کی بحری حدود میں غیر قانونی ماہی گیری سے روکنے کی کوشش کی۔

کوریائی علاقے انچین میں واقع 'کوسٹ گارڈ اسٹیشن' کے تحقیقاتی افسر کے مطابق چینی ماہی گیروں کو بحرِ زرد کے علاقے میں پیر کی صبح اس وقت روکا گیا جب وہ جنوبی کوریا کے مخصوص معاشی زون میں غیر قانونی طور پر مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔

عہدیدار کے مطابق چینی کشتی کے کپتان نے تیز دھار آلے کی مدد سے ان چار میں سے دو بحری محافظوں پر وار کیا جنہوں نے اس کی کشتی کو روکا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں میں سے ایک، 41 سالہ کارپورل بعد ازاں انچین کے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

جنوبی کوریائی حکام نے واقعہ کے بعد چینی کشتی کو تحویل میں لے کر عملے کے تمام نو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

چین کی وزارتِ خارجہ نے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ ان کا ملک واقعہ کی تحقیقات میں سیول حکومت سے تعاون کرے گا۔

جنوبی کوریائی بحری محافظوں اور چینی ملاحوں کے درمیان 2008ء کے بعد یہ پہلا ہلاکت خیز تصادم ہے۔ 2008ء میں پیش آنے والے اسی نوعیت کے ایک واقعے میں چینی ماہی گیروں نے جنوبی کوریا کے کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار کو ہلاک اور چھ کو زخمی کردیا تھا۔

جنوبی کوریا کے سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ چینی کشتیوں کی جانب سے کوریا کی بحری حدود میں مداخلت کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں۔

سیول حکومت کی جانب سے مرتب کردہ اعدادو شمار کے مطابق رواں برس جنوبی کوریا کی حدود میں 470 چینی کشتیوں نے غیر قانونی طور پر ماہی گیری کی جب کہ گزشتہ برس یہ تعداد 370 تھی۔

XS
SM
MD
LG