رسائی کے لنکس

چینی وزیرِ اعظم رواں ہفتے بھارت، پاکستان کا دورہ کرینگے


چینی وزیرِ اعظم رواں ہفتے بھارت، پاکستان کا دورہ کرینگے
چینی وزیرِ اعظم رواں ہفتے بھارت، پاکستان کا دورہ کرینگے

چین کے وزیرِ اعظم وین جیا باؤ رواں ہفتے بھارت کے دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔ اپنے دورہ بھارت کے بعد وہ پاکستان بھی جائیں گے۔

چینی راہنما کے بدھ سے شروع ہونے والے بھارتی دورے کے دوران باہمی تجارت کے فروغ اور سرحدوں سے متعلق تنازعات سرِ فہرست رہنے کا امکان ہے۔

چین اور بھارت کے تعلقات ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں واقع دونوں ممالک کی سرحد ی حد بندیوں پہ موجود تنازعات کے باعث گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران سرد مہری کا شکار رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت بحرِ ہند میں چین اور خطے کے دیگر ممالک کے اشتراک سے بننے والی بندرگاہوں کے مقاصد اور وہاں چین کی موجودگی کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتا آیا ہے۔

تاہم آسٹریلیا کے "لووی انسٹیوٹ" سے منسلک تجزیہ کار روری میڈ کلف سمجھتے ہیں کہ چینی وزیرِ اعظم اپنے اس دورے کے دوران اپنی توجہ بھارتی خدشات دور کرنے پر مرکوز رکھیں گے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں موجود تناؤ میں کمی آئے گی۔

ان کے مطابق چینی راہنما کے دورے کے ذریعے سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے ایشیا کے ان دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے بھی پیش رفت ہونے کا امکان ہے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بھارت دو طرفہ تجارت میں خود کو پہنچنے والے نقصان کے تدارک کیلیے چین سے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرے گا۔ دو طرفہ تجارت میں بھارت کو پہنچنے والے تجارتی خسارہ کا حجم رواں سال 25 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ چینی وزیرِ اعظم کے حالیہ دورے کے دوران بھارتی قیادت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشست کے حصول کےلیے چین کی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوشش کرے گی۔ واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما اپنے حالیہ دورہ بھارت کے دوران ہندوستان کی ان کوششوں کی حمایت کرچکے ہیں تاہم چین کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا۔

چینی وزارتِ خارجہ کے حکام کے مطابق بھارت کا دورہ مکمل کرنے کے بعد چینی وزیرِ اعظم پاکستان جائیں گے جہاں وہ اپنے تین روزہ قیام کے دوران "دونوں ممالک کے درمیان قائم پرجوش تعلقات کا اعادہ" کرینگے۔

پاکستان میں قیام کے دوران چینی وزیرِ اعظم پاکستانی حکام کو ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد جاری تعمیرِ نو کی سرگرمیوں میں چین کی جانب سےہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائیں گے۔

XS
SM
MD
LG