رسائی کے لنکس

چین کے نائب وزیر کی پاکستانی فوج کے سربراہ سے ملاقات


جنرل راحیل شریف
جنرل راحیل شریف

پاکستان اور چین کے درمیان سمندری تحفظ کے لیے بحری جہازوں کی خریداری کا معاہدہ بھی ہوا ہے جس کے تحت پاکستانی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کو چھ بحری جہاز فراہم کیے جائیں گے۔

چین کے نائب وزیر برائے قومی سلامتی ڈونگ ہائیزو نے بدھ کو پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، خطے کی سلامتی اور پاکستان چین اقتصادی راہداری کی سکیورٹی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی سپہ سالار نے چینی عہدیدار کو یقین دلایا کہ اس منصوبے کو خاطر خواہ سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

چین اور پاکستان کے مابین اربوں ڈالرز کے اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق پاکستانی قیادت یہ کہہ چکی ہے کہ یہ پورے خطے کی خوشحالی کا باعث بنے گا لیکن عہدیداروں کے بقول بعض "دشمن قوتیں" اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جنہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت چین کے شہر کاشغر سے پاکستان کے ساحلی شہر گوادر تک مواصلات، بنیادی ڈھانچے، توانائی کے منصوبوں اور صنعتوں کا جال بچھایا جائے گا۔

بھارت کی طرف سے حالیہ دنوں میں اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا گیا جسے پاکستان نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بھارت کے پاکستان مخالف عزائم کھل کر سامنے آئے ہیں۔

دریں اثناء پاکستان اور چین کے درمیان سمندری تحفظ کے لیے بحری جہازوں کی خریداری کا معاہدہ بھی ہوا ہے۔

اس معاہدے کے تحت چائنا شپ ٹریڈنگ کمپنی پاکستانی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کو چھ بحری جہاز فراہم کرے گی جو کہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار کے مطابق ان میں سے چار جہاز چین جب کہ دو پاکستان میں تیار کیے جائیں گے۔

چین پاکستان کا دیرینہ دوست و ہمسایہ ملک ہے اور ان دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں کے علاوہ دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون جاری ہے۔

پاکستان چین کے تعاون سے لڑاکا طیارہ جے ایف 17 تھنڈر بھی تیار کر چکا ہے جب کہ جنگی بحری جہاز کی تیاری میں ان کا تعاون جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG