رسائی کے لنکس

اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں: نواز شریف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت تمام اقلیتوں کو پاکستان کا برابر کا شہری تصور کرتی ہے اور قوم کی ترقی کے لیے ان کو با اختیار بنانے کا عہد کرتی ہے۔

پاکستان میں بھی دنیا بھر کی طرح مسیحی برادری نے جمعرات کو کرسمس کا تہوار منایا لیکن گزشتہ ہفتے پشاور میں ایک اسکول پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے تہوار سے منسلک تقریبات کو سادہ رکھا گیا۔

گزشتہ ہفتے اسکول پر طالبان شدت پسندوں کے حملے میں 133 بچوں سمیت کم ازکم 149 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کرسمس پراپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے اس عزم پر قائم ہے کہ تمام اقلیتوں کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ"بحیثیت قوم ہم مساوات کے اصولوں کو قائم رکھتے ہوئے، مذہب، نسل اور پیشے کی تفریق کے بغیر پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کی آزادی اور سلامتی کے لیے پرعزم ہیں۔"

ان کا کہنا تھا کہ حکومت تمام اقلیتوں کو پاکستان کا برابر کا شہری تصور کرتی ہے اور قوم کی ترقی کے لیے ان کو بااختیار بنانے کا عہد کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس موقع پر قومی ترقی میں مسیحی برادری کے اہم کردار خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبے میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔

مسیحی برادری کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ پشاور اسکول پر حملے اور اس میں ہونے والے جانی نقصان پر افسردہ ہیں اسی بنا پر اس اہم مذہبی تہوار کو سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

چرچ آف لاہور کے ڈین شاہد معراج نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

"ان دہشت گردوں نے جانیں بھی لیں ہیں اور پورے معاشرے کو نفسیاتی جنونیت تک لے گئے ہیں۔۔۔تو مسیحیوں نے بھی فیصلہ کیا کہ ہم کرسمس کی تقریبات کو بالکل سادہ رکھیں گے اور اپنی دعائیہ تقریبات تک اس کو ہم نے محدود کردیا اور یہ عبادات بھی خاص طور پر دہشت گردی کا شکار ہونے والے جتنے لوگ ہیں جن میں فوجی ہیں پولیس ہے سول سوسائٹی ہے اور اب یہ ہمارے بچے ہیں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دیا ہے ان کے نام سے منسوب کی گئیں۔"

ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جمعرات کو کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔

XS
SM
MD
LG