رسائی کے لنکس

کراچی: ٹریفک پولیس کا رویہ اور یونیفارم۔۔دونوں ’بدل گئے‘


کراچی کے شہریوں کو اب دو تلوار سے فوارا چوک۔۔ فوارا چوک سے ٹاور۔۔۔اور۔۔ شاہراہ فیصل سے ایئرپورٹ تک کی تینوں شاہراوٴں پر سفرکے دوران ٹریفک قوانین پر نہایت سختی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا، ورنہ اس کے نتائج بھی سخت نکل سکتے ہیں

کراچی کی شاہراوٴں پر اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ٹریفک پولیس اہلکاروں کا رویہ، یونیفارمز اور موٹرسائیکلز ۔۔ سب چیزوں کا رنگ تبدیل ہوگیا ہے۔

کراچی کے شہریوں کو اب دو تلوار سے فوارا چوک۔۔ فوارا چوک سے ٹاور۔۔۔اور۔۔ شاہراہ فیصل سے ائیر پورٹ تک کی تینوں شاہراوٴں پر سفرکے دوران ٹریفک قوانین پر نہایت سختی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا ورنہ اس کے نتائج بھی سخت نکل سکتے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کی جانب سے مذکورہ تینوں شاہراوٴں کو ’ماڈل‘ قرار دیا گیا ہے۔ اب ان پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار سفید کے بجائے گرے کلر یعنی سلیٹی رنگ کی وردی پہنیں گے اور سفید کے بجائے بلیک رنگ کی جدید موٹرسائیکلیں استعمال کریں گے۔

ساتھ ہی ان شاہراہوں پر’زیبرا کراسنگ بیرئیر‘ لگائے جا رہے ہیں، مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں اور ۔۔۔ اہلکاروں کا رویہ مثالی بنانے کیلئے ان کی تربیت دی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی، امیر شیخ کے مطابق ”وردی کا رنگ’ تبدیلی‘ کی علامت ہے۔لوگوں میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لئے بھی یہ ضروری سمجھا گیا جبکہ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے۔ نئی وردی، مثبت رویہ اور نیا تاثر۔۔ عوام میں ٹریفک قوانین پر عمل کرنے اور ناگہانی حادثات سے بچنے کی ترغیب دے گا۔“

نئی وردی اور جدید موٹرسائیکلیں ملنے پر خوشی سے سرشار پولیس اہلکاروں طارق اور ایس انور عالم نے وائس آف امریکہ سے اپنے خیالات شیئر کئے۔

انور عالم کا کہنا تھا ”نئی وردیاں مرحلہ وار تبدیل ہوں گی۔ پہلے مرحلے میں دو تلوار کلفٹن سے گورنر ہاوٴس کے قریب واقع فوارا چوک کے راستے میں ڈیوٹی دینے والے تمام اہلکاروں کی وردیاں 2فروری سے ہی تبدیل کردی گئی ہیں جبکہ باقی شاہراوٴں پر تعینات اہلکاروں کا نمبر اگلے مرحلے میں آئے گا۔“

پولیس اہلکار طارق نے ایک سوال پر بتایا” نئی وردی تو مل گئی مگر تنخواہ کی شرح وہی پرانی ہے۔ لاہور ٹریفک وارڈنز کی یونیفارمز کا کلر بھی گرے ہی ہے۔ لیکن میں نے سنا ہے ان کی” پے“ ہم سے زیادہ ہے۔ امید تو یہی ہے کہ نئی وردی کے ساتھ ساتھ سیلری بھی جلد بڑھ جائے گی،آپ بھی دعا کریں۔“

XS
SM
MD
LG