رسائی کے لنکس

نکاح پر نکاح کا الزام، اداکارہ میرا کے وارنٹ جاری


وارنٹ جمعہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے۔ اس سے قبل، انہیں نکاح پر نکاح کے الزام میں اپنا موٴقف پیش کرنے کے لئے متعدد عدالتی نوٹس ارسال کئے گئے۔ تاہم، وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس کے بعد اب ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے

لاہور کی ایک عدالت نے پاکستانی اداکارہ میرا کو دہرے نکاح کے الزام میں ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے، عدالت میں طلب کرلیا ہے۔ طلبی کے عوض انہیں 17جون کو فاصل عدالت کے روبرو پیش ہونا پڑے گا۔

وارنٹ جمعہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے۔ اس سے قبل، انہیں نکاح پر نکاح کے الزام میں اپنا موٴقف پیش کرنے کے لئے متعدد عدالتی نوٹس ارسال کئے گئے۔ تاہم، وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس کے بعد اب ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں، جس میں پولیس پر زور دیا گیا ہے کہ عدالت میں میرا کی پیشی کو یقینی بنائے۔

میرا کے وارنٹ جاری ہونے کی خبر جمعہ کو تمام نجی ٹیلی ویژن چینلز اور انٹرنیٹ ویب سائٹس پر چھائی رہی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، میرا کے شوہر ہونے کے دعوے دار ایک شخص عتیق الرحمٰن نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ میرا اس کی بیوی ہے۔ تاہم، اس نے مجھ سے طلاق لئے بغیر ایک اور شخص کیپٹن نوید سے نکاح کرلیا ہے جو غیر قانونی، غیر اخلاقی اور تعزیرات پاکستان کے خلاف ہے۔

عتیق الرحمٰن نے اس سے قبل میرا کا طبی معائنہ کرانے کے لئے بھی عدالت میں ایک درخواست دائر کی۔ لیکن، یہ درخواست اپریل 2011ء میں مسترد کردی گئی تھی۔

اپنے خلاف دائر درخواست میں میرا نے الزام لگایا تھا کہ اس کی اور عتیق الرحمٰن کی شادی کا سرٹیفکیٹ اور اس سلسلے میں پیش کی جانے والی تصاویر جعلی ہیں۔ میرا نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ عتیق الرحمٰن سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے ایسا کررہا ہے۔

XS
SM
MD
LG