رسائی کے لنکس

تاجکستان میں پرتشدد واقعات، کم ازکم دس افراد ہلاک


امریکی سفارتخانے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلح افراد کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور ایسے واقعات تشدد کے دیگر واقعات کا پیشہ خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں لہذا سفارتخانہ بند کیا جا رہا ہے۔

تاجکستان میں تشدد پر مبنی واقعات میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ دارالحکومت دوشنبے میں امریکی سفارتخانہ بند کر دیا گیا ہے۔

حکام کی وزارت داخلہ کے مطابق دوشنبے اور قریبی شہر وحدت میں ہونے والے "دہشت گرد" حملوں میں آٹھ پولیس اہلکار اور دو مشتبہ حملہ آور مارے گئے۔

حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ کرنے والا دہشت گرد گروپ نائب وزیر دفاع میجر جنرل عبدالحلیم مرزو نذرزود کی قیادت میں کام کرتا تھا۔ نذرزود کو ملک کے صدر اموم علی رحمون نے جمعہ کو برطرف کر دیا۔

امریکی سفارتخانے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلح افراد کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور ایسے واقعات تشدد کے دیگر واقعات کا پیشہ خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں لہذا سفارتخانہ بند کیا جا رہا ہے۔

تاجکستان سابق سویت یونین کی ایک ریاست رہا ہے اور اسی لاکھ آبادی رکھنے والا یہ وسطی ایشیا کا پسماندہ ترین ملک ہے۔ یہ 1992 سے 1997ء تک جاری رہنے والی خانہ جنگی میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اب بھی یہاں شورش دیکھنے میں آتی ہے۔

روس کی خبر رساں ایجنسی "آر آئی اے" نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی کہ درحقیقت مرنے والوں کی تعداد 33 ہے جن میں وزارت داخلہ اور دفاع کے اہلکار شامل ہیں جبکہ نذرزود کے وفادار نو فوجی مارے گئے۔

نذرزود حزب مخالف کی جماعت اسلامک ریوایول پارٹی آف تاجکستان کے رکن ہیں۔ ایک زمانے میں وہ مسلح ملیشیا کے رکن بھی رہے اور انھیں تاجک کی مسلح افواج میں 1997ء میں ہونے والے امن معاہدے کے تحت شامل کیا گیا تھا۔

رحمون کا جھکاؤ ماسکو کی طرف ہے اور وہ خانہ جنگی کے دوران روس سے مدد بھی لیتے رہے ہیں۔ وہ ایک عرصے سے اسلامک ریوایول پارٹی پر دباؤ بھی ڈالتے آ رہے ہیں۔

رواں سال کے اوائل میں انھیں اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ملک کی اسپیشل فورسز کے ایک کمانڈر جس نے امریکہ سے تربیت حاصل کی تھی، یہ اعلان کیا تھا کہ وہ شدت پسند گروپ داعش کا رکن ہے۔

روس کا کہنا ہے کہ افغانستان سے نیٹو فوجوں کے انخلا کے بعد وسطی ایشیا میں سلامتی کی صورتحال پر اسے خاصی تشویش ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ شام اور عراق میں سرگرم داعش کے شدت پسند صورتحال سے فائدہ اٹھا کر یہاں کی بدامنی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG