رسائی کے لنکس

واشنگٹن میں آب و ہو ا کے ہزاروں سرگرم کارکنوں کا احتجاجی مظاہرہ


واشنگٹن مین ماحول اور آب و ہوا کے تحفظ کے کیے کام کرنے والے سرگرم کارکنوں کا مظاہرہ۔ 29 اپریل 2017
واشنگٹن مین ماحول اور آب و ہوا کے تحفظ کے کیے کام کرنے والے سرگرم کارکنوں کا مظاہرہ۔ 29 اپریل 2017

مظاہرے میں زیادہ تر ماحولیات اور آب و ہوا سے متعلق گروپ شامل تھے لیکن کئی تاجر تنظیموں، جنگ کے مخالف گروہوں اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی کئی تنظیموں نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔

ماحولیات کے لیے کام کرنے والے ہزاروں کارکنوں اور ماہرین نے ہفتے کے روز امریکی دارلحکومت واشنگٹن میں آب و ہوا کی تبدیلی کے مسائل کے حل کے لیے کام کرنے کے حق میں مظاہر ہ کیا۔

آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق یہ مظاہرہ ایک ایسے موقع پر ہوا جب ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے پہلے ایک سو دن مکمل ہوئے ہیں۔ صدر ٹرمپ آب و ہوا کی تبدیلی کو ایک فریب قرار دیتے ہیں۔

مظاہرین کے منتظمین نے ٹرمپ انتظامیہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسے ماحول اور آب و ہوا کی تبدیلی سے منسلک مسائل کی ذرا بھی پروا نہیں ہے۔

50 گروپس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیاں ماحول اور کمیونیٹیز کے لیے نقصان دہ ہیں ، خاص طور پر کم آمدنی والی آبادیوں کے لیے، جو اس مسئلے کا سامنا کرنے والی اولین صف میں کھڑے ہیں۔

مظاہرین نے کیپیٹل ہل سے وہائٹ ہاؤس تک مارچ اور مظاہر ہ کیا۔ اس مظاہرے کی حمایت میں ملک بھر کے مختلف شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

مظاہرے میں زیادہ تر ماحولیات اور آب و ہوا سے متعلق گروپ شامل تھے لیکن کئی تاجر تنظیموں، جنگ کے مخالف گروہوں اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی کئی تنظیموں نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔

ماحول اور آب و ہوا سے متعلق مظاہرے میں بہت سے غیرماحولیاتی گروہوں کی شرکت ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اپنے مقاصد کے حصول کے لیے اکھٹا ہونے کی کوشش کو ظاہر کرتی ہے، جس کے بارے میں کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ سب مسائل اہمیت رکھتے ہیں لیکن ٹرمپ انتظامیہ انہیں مناسب طور پر حل نہیں کر رہی۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ مسائل آب و ہوا کی تبدیلی سے پیدا ہو رہے ہیں اور وہ اقتصادی اور سماجی انصاف کے تنازعوں کا سبب بن رہے ہیں۔مثال کے طور پر اس مظاہرے میں کم سے کم قومی اجرت 15 ڈالر فی گھنٹہ کرنے پر زور دیا گیا۔

گروپ کی ویب سائٹ پر کہاگیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ مختلف سطحوں پر سماجی تبدیلیوں کے حق میں مشترکہ تحریک چلائی جائے۔

پچھلے ہفتے ایک ایسے ہی مظاہرے میں ہزاروں سائنس دانوں اور سائنس کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی تھی جن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ سائنس کے ٹھوس حقائق سے انکار کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG