رسائی کے لنکس

امریکی وزیر خارجہ کی سوچی سے ملاقات


امریکی وزیر خارجہ کی سوچی سے ملاقات
امریکی وزیر خارجہ کی سوچی سے ملاقات

امریکہ کی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے برما کے اپنے تین روزہ تاریخی دورے کے آخری روز جمعہ کو جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سوچی سے رنگون میں تفصیلی ملاقات کی ہے۔

نوبل انعام یافتہ سوچی کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے بعد برآمدے میں صحافیوں سے گفتگو کے وقت ہاتھوں میں ہاتھ ڈال رکھے تھے۔ سوچی گزشتہ دو دہائیوں میں اپنی نظر بندی کا زیادہ وقت اسی رہائش گاہ میں قیام پذیر رہی ہیں۔

ہلری کلنٹن نے سوچی کی ’’ثابت قدم اور شفاف‘‘ قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ برما کو دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔ انھوں نے سوچی کو ایک ’’اُمنگ‘‘ قرار دیا۔

آنگ سان سوچی کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ جس طرح امریکہ برما کے ساتھ معاملات کو لے کر چل رہا ہے اور ان کے خیال میں اس طرح جمہوریت کی طرف سفر آسان ہوجائے گا۔

دونوں رہنماؤں نے برما کی حکومت پر عائد سخت پابندیوں کا ذکر نہیں کیا لیکن امریکی وزیر خارجہ نے ایک روز قبل دارالحکومت کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ برما کی طرف سے سیاسی اصلاحات کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔

انھوں نے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ مصالحتی کوششوں کو تیز کرتے ہوئے مزید سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور اقلیتی نسلوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں بند کرے۔ ہلری کلنٹن نے یہ بھی کہا کہ برما جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر بین الاقوامی اتفاق رائے کا احترام کرتے ہوئے شمالی کوریا سے اپنے ’’ناجائز‘‘ تعلقات ختم کرے۔

XS
SM
MD
LG