رسائی کے لنکس

صدرکرزئی قابل اعتماد اتحادی ہیں: ہلری کلنٹن


امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے، افغان صدر حامد کرزئی کو، مغربی ممالک کے بارے میں ان کے ایک متنازع بیان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے باوجود ایک قابل اعتماد شراکت دار کہا ہے۔

مز کلنٹن اور وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے اتوار کے روز سی بی ایس کے ایک پروگرام ‘ فیس دی نیشن‘ میں انٹرویو کے دوران افغان راہنما کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کرزئی یقینی طورپر 12 مئی کو صدر براک اوباما سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

پچھلے ہفتے وائٹ ہاؤس نے اس رائے کااظہار کیاتھا کہ اگر مسٹر کرزئی نے بین الاقوامی کمیونٹی کے ارکان کےبارے میں متنازع تبصرے جاری رکھے تو ان کا دورہ منسوخ ہوسکتاہے۔

مسٹر کرزئی نے غیر ملکی طاقتوں پر پچھلے سال صدارتی انتخابات کو متاثر کرنے کے لیے جعل سازی کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیاتھا۔ انہوں نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ اگر بیرونی ممالک ان پر مسلسل دباؤ ڈالتے رہے تووہ طالبان کے ساتھ شامل ہوسکتے ہیں۔

وزیر دفاع گیٹس نے اتوار کے روز اے بی سی چینل پر اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ کو مسٹر کرزئی کے بارے میں تبصرہ کرتے وقت احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ افغان ان کی کارکردگی پر تندو تیز نکتہ چینی کو افغانستان کی خودمختاری کی بےتوقیری کے طورپر دیکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے افغان راہنما کی اس کردار کی بھی تعریف کی جو وہ شورش زدہ شہر قندھار میں استحکام لانے کے لیےنیٹو اور افغان فورسز کے آئندہ کے منصوبوں میں کررہے ہیں۔



XS
SM
MD
LG