رسائی کے لنکس

سیلاب زدگان کے لیے امداد وسیع پیمانے پر اور طویل مدتی ہوگی: ہلری کلنٹن


بدھ کے روز امریکی وزیر ِ خارجہ ہلری کلنٹن نےکہا کہ پاکستان شدید سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں سے نبرد آزاما ہے، ایسے میں وہ طویل المدتی امریکی امداد پر تکیہ کر سکتا ہے۔

امریکہ نے سیلابوں سے ہونے والی تباہی کے سلسلے میں پاکستان کے ساتھ کئی بار ہمدردی کا اظہار کیا ہے، لیکن امریکی محکمہٴ خارجہ سے ٹیلی ویژن پر آکر بیان میں وزیرِ خارجہ نے اِس سلسلے میں امریکی کاوش میں اضافہ کردیا ہے۔

وزیرِ خارجہ نے دو ہفتے قبل پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اُنھوں نے سیلابوں کے نقصان، ہفتے بھر کے سیاسی تشدد اور پشاور میں ایک خودکش حملے کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ امریکہ کی یک جہتی کا اعلان کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ ‘پاکستان کے عوام اِس وقت جِن حالات سے گزر رہے ہیں، میں امریکی عوام کی طرف سے اُن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنا چاہتی ہوں۔ میں نے کئی بار پاکستان کا دورہ کیا ہے اور میں ذاتی طور پر پاکستان کے عوام کی قوتِ ارادی اور حالات سے نمٹنے کی صلاحیت سے واقف ہوں۔ اُن میں تیزی کے ساتھ تعمیرِ نو کرنے کی صلاحیت ہے اور اِس عمل میں وہ امریکہ کی امداد پر تکیہ کر سکتے ہیں۔’

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک کروڑ ڈالر کی امدادی رقم فوجی ہیلی کاپٹر، خوراک، پانی صاف کرنے کے یونٹ اور عارضی پُل امریکی امداد کی کاوش کا محض آغاز ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ سنہ 2005ء کے زلزلے کے بعد شمالی پاکستان کو کروڑوں ڈالر کی امداد فراہم کی گئی تھی اور سیلاب کے بعد یہ امداد اُسی کا تسلسل ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکی عوام کو بھی اِس کوشش میں شریک ہونا چاہیئے۔

ہلری کلنٹن نے بتایا کہ سیل فون استعمال کرنے والے کیونکر پناہ گزینوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر کی وساطت سے ایک کروڑ ڈالر امداد فراہم کر سکتے ہیں۔ جنوری کے مہینے میں اِسی قسم کی ٹیکسٹ مسیج مہم کے ذریعے ہیٹی کے زلزلہ زدگان کے لیے کروڑوں ڈالر جمع کیے گئے تھے۔

مسز کلنٹن کے بعد بین الاقوامی امداد کی امریکی ایجنسی کے ناظم، راجیو شاہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ امریکی امداد امریکہ اور پاکستان کے مابین بڑھتی ہوئی شراکت داری کی آئینہ دار ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا ایک مظہر ہے جو اِس مصیبت میں گرفتار ہیں اور یہ پاکستان اور اُس کے عوام کے ساتھ امریکہ کی وابستگی کا اظہار ہے۔

امریکی محکمہٴ دفاع نے بدھ کو افغانستان میں کام کرنے والے فوجی ہیلی کاپٹروں کو پاکستاان کے غازی ہوائی اڈے کی طرف منتقل کردیا۔امریکی فوجی پہلے ہی دو لاکھ حلال کھانے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کر چکی ہے اور اِس ہفتے اتنے ہی کھانے تقسیم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG