رسائی کے لنکس

’یوم پاکستان‘ پر امریکہ کا تہنیتی پیغام


پاکستان و امریکہ کے درمیان تعاون کی ایک شاندار تاریخ ہے: ہیلری کلنٹن

یوم پاکستان کے موقعے پرامریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نےصدراوباما اورامریکی عوام کی طرف سے پاکستانی عوام کو نیک خواہشات کے اظہار کا ایک پیغام ارسال کیا ہے۔ یہ دِن ’قراردادِ لاہور‘ پر دستخط کیے جانے کی نسبت سے منایا جاتا ہے جو پاکستان کی تخلیق کی بنیاد بنا۔

ہیلری کلنٹن نے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کےدرمیان باہمی تعاون کی ایک درخشاں تاریخ موجود ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ایسےمیں جب پاکستان اورخطے میں امن وخوشحالی کے قیام کی کوششوں کےلیےدونوں ملک مل کر کام کررہے ہیں، وہ ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنےکا عزم رکھتے ہیں۔

مفید دوطرفہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے، اُنھوں نے تربیلہ ڈیم پراجیکٹ کا حوالہ دیا جس کی بدولت پاکستان کےشہروں اورصنعتوں کوبجلی کی سہولت میسر آئی، جب کہ لاہور یونیورسٹی آف سائنسز اور کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے کئی ایک راہنما فارغ التحصیل ہوئے۔ اُنھوں نے 2005ء میں پاکستان میں آنے والے تباہ کُن زلزلے اور 2010ء اور 2011ء کے سیلابوں کا ذکرکیا، جب امریکی فورسزنے متاثرہ پاکستانیوں کی امداد کا کام سر انجام دیا، اورکہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کی ایک وسیع تاریخ ہے۔

وزیر خارجہ نے سیاسی لیڈروں، اساتذہ، بلاگرز، مسلمان اور اقلیتی مذہبی قائدین، خواتین کے حقوق کے سرگرم کارکنان، بزنس لیڈرزاورصحافیوں کی طرف سے امن اوررواداری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے کام کو سراہا۔

اُن کےبقول، ایسے میں جب آپ اپنے اہل خانہ، احباب اور چاہنے والوںٕ کے ساتھ یہ دِن منا رہے ہیں، آپ کو یہ بات معلوم ہونی چاہیئے کہ اس موقع پرامریکی عوام آپ کے ساتھ ہیں، اور آنے والے دِنوں اور برسوں کے دوران ہم اپنی دوستی کو مزید تقویت دینے کے خواہاں رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG