رسائی کے لنکس

حکومت تشکیل دی جائے: ہلری کلنٹن کا عراقی رہنماوں پر زور


امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے عراق کی سیاسی جماعتوں پرمخلوط حکومت بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے، تاکہ اُس تعطل کو دور کیا جاسکے جو کسی پارٹی کو واضح اکثریت نہ ملنے کی بنا پرچار ماہ سے جاری ہے۔

ہلری کلنٹن نے یہ بات منگل کے روز واشنگٹن کےدورے پر آئے ہوئے عراقی وزیرِ خارجہ ہوشیار زباری کے ساتھ گفتگو کے بعد کہی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اِس تاخیر پر امریکہ کو تشویش ہے، اور یہ کہ اِس بات کی اشد ضرورت ہے کہ عراقی سیاست دان اپنے اختلافات بھلا کرفوری طور پر حکومت تشکیل دیں۔

سات مارچ کو ہونے والے انتخابات کے بعدسے عراق کی دو اہم سیاسی جماعتیں نئی حکومت بنانے پر رضامند نہیں ہو سکیں۔ انتخابات میں کسی بھی جماعت کو325ارکان کے پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی۔

عراق کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اُن کا خیال ہے کہ آخرِ کار حکومت بن جائے گی، اور یہ کہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے عراقی جماعتیں سمجھوتے تک پہنچنے کے لیے اپنی بہترین سمجھ بوجھ سے کام لیں گی۔

ہلری کلنٹن نے زائرین اور سکیورٹی فورسز پر حالیہ حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان پر تعزیت کا اظہاربھی کیا۔

سلامتی سے متعلق عراقی عہدے داروں کے مطابق منگل کو بم اور اسلحے کے الگ الگ حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے۔

بغداد کے شمال میں واقع خالص نامی قصبے میں ایک بم اُس وقت پھٹا جب مظاہرین خالی تابوت اٹھائے جلوس نکال رہے تھے۔ اِس واقعے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔

مظاہرین علاقے میں ہونے والےحالیہ بم حملوں کے حملہ آوروں کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کر رہے تھے، جس میں مئی میں بھرے بازار میں ہونے والاوہ کار بم حملہ بھی شامل ہے جس میں 30افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مغربی شہر فلوجا میں ایک ڈرائیور اُس وقت ہلاک ہوا جب اُس کی گاڑی میں نصب بم دھماکے کے ساتھ اُڑ گیا۔ بغداد کے جنوب میں مسلح افراد نے ایک گھر پر ہلہ بول کر ایک شخص اور اُس کے رشتے دار کو ہلاک کردیا۔

XS
SM
MD
LG