رسائی کے لنکس

امریکی وزیرخارجہ کلنٹن جنوبی کوریا کے دورےپر


امریکی وزیرخارجہ کلنٹن جنوبی کوریا کے دورےپر
امریکی وزیرخارجہ کلنٹن جنوبی کوریا کے دورےپر

امریکی وزیر خارجہ اتوار کے روز جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باک سے ملاقات کررہی ہیں جس میں آزاد تجارت کے معاہدے کی منظوری اور شمالی کوریا سے متعلق حکمت عملی میں تعاون پر گفتگو ہوگی۔

وزیر خارجہ کلنٹن نے ہفتے کے روز جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں وزیر خارجہ کم سونگ ہوان کے ساتھ ملاقات میں اس توقع کا اظہار کیا کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان طویل عرصے سے التوا میں پڑے ہوئے آزاد تجارت کو بالآخر دونوں ملکوں کے ایوانوں سے منظوری مل جائے گی۔

امریکی وزیر خارجہ ہفتے کے روز جنوبی کوریا پہنچیں تھیں ۔ ان کے اس دورے کا مقصد شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار ختم کرنے سے متعلق مذاکرات میں واپس لانے کے طریقوں پرجنوبی کوریا کے اعلیٰ عہدے داروں سے بات چیت ہے۔

شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں پر چھ ملکی مذاکرات کا سلسلہ گذشتہ دو سال سے معطل ہے۔ ان مذاکرات میں دونوں کوریائی ممالک، امریکہ، چین، جاپان اور روس شامل ہیں۔

امریکہ اور جنوبی کوریا کا کہناہے کہ مذاکرات اس وقت تک شروع نہیں کیے جاسکتے جب تک شمالی کوریا یہ ثابت نہ کرے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کے خاتمے سے متعلق اپنے ماضی کے وعدوں پرعمل درآمد کے لیے سنجیدہ ہے۔

شمالی کوریا کے علاوہ ، امریکی وزیر خارجہ کلنٹن اور جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کم نےدونوں ملکوں کے درمیان طویل عرصے سے التوا میں پڑے تجارتی معاہدے پربھی بات کی۔

امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر 2007ء میں دستخط ہوئے تھے مگر ابھی تک دونوں ملکوں کی اسمبلیوں نے اس کی منظوری نہیں دی ۔

وزیر خارجہ کلنٹن نے ہفتے کے روز کہاکہ معاہدے پر پیش رفت ہورہی ہے اور یہ اب منظوری کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس کا نتیجہ مثبت ہوگا اور دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگا۔

تجارت سے متعلق امریکی عہدے دار کہہ چکے ہیں کہ اس معاہدے سے امریکہ میں ملازمتوں کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے اورامریکی کاروباروں کے لیے بیرون ملک نئی راہیں کھلیں گی۔

XS
SM
MD
LG