رسائی کے لنکس

کلنٹن کنٹکی اور سینڈرز اوریگان میں فاتح


ہلری کلنٹن کو اب تک 2289 جب کہ برنی سینڈر کو 1522 مندوبین کی حمایت حاصل ہے۔ اس کامیابی کے بعد ہلری نامزدگی حاصل کرنے کی جانب ایک اور قدم بڑھا چکی ہیں۔

امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن ڈیموکریٹس کی طرف سے صدارتی امیدوار کے لیے اپنی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیابی کی طرف سے ایک قدم بڑھا چکی ہیں اور منگل کو ریاست کنٹکی میں اپنے حریف برنی سینڈرز کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

کنٹکی ریاست میں ہوئے ڈیموکریٹ کے پرائمری کے سرکاری نتائج تو جاری نہیں کیے گئے لیکن ذائع ابلاغ کے مطابق ہلری کلنٹن نے اپنے حریف ورمونٹ سے سینیٹر برنی سینڈرز سے تقریباً 2000 ووٹ زائد حاصل کیے۔

حتمی نتیجہ غیر سرکاری نتائج پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوگا کیونکہ اس ریاست سے مندوبین دونوں امیدواروں میں متناسب اور تقریباً برابر تعداد میں ہیں دیے جائیں گے۔

ادھر منگل کو ہی شمال مشرقی ریاست اوریگان میں برنی سینڈرز پرائمری انتخاب میں ہلری کلنٹن کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

لیکن اپنی حریف پر برتری کے لیے سینڈرز کو باقی ماندہ مندوبین میں سے 85 فیصد کی حمایت حاصل کرنا ہو گی۔

ڈیموکریٹس کے آئندہ مقابلوں میں چار جون کو ورجن آئی لینڈز اور پانچ جون کو پورٹو ریکو شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں ہلری کلنٹن اگر زیادہ مندوبین کی حمایت حاصل نہیں بھی کر پاتیں تو ان کی سبقت پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا لیکن سات جون کو چھ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات ان کے لیے خاصے اہم ہیں۔

ہلری کلنٹن کو اب تک 2289 جب کہ برنی سینڈر کو 1522 مندوبین کی حمایت حاصل ہے۔

ڈیموکریٹس کی طرف سے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے والے امیدوار کو نومبر میں عام انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG