رسائی کے لنکس

جارج کلونی اور امل عالم الدین رشتہ ازدواج میں بندھنے کو تیار


روزنامہ ٹیلی گراف کے مطابق دولہا اور دلہن کی کشتی پولیس کے دستوں کی حفاظت میں وینس کے ہوٹل پہنچائی جائے گی۔

اطلاعات ہیں کہ ہالی وڈ کے نامور اداکار جارج کلونی اور ان کی لبنانی نژاد برطانوی منگیتر امل عالم الدین اسی ہفتے رشتہ ازدواج میں بندھنے جارہے ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اورامریکی دولہا اپنی ہونے والی برطانوی دلہن اور مہمانوں کے ہمراہ جمعے کو اٹلی کے مشہور شہروینس پہنچ چکے ہیں جہاں ایک شاندار تقریب میں امل اور جارج کلونی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

برطانوی نشریاتی اداروں کے مطابق شادی سے ایک روز قبل وینس پہنچنے والا خوبصورت جوڑا گرانڈے نہر پر واقع شہر کے ایک 24 کمروں پر مشتمل سیون اسٹار 'امن کینال گرانڈے ریزورٹ' میں ہفتے کو شادی کے استقبالیہ کی میزبانی کرے گا ۔

اس خبر کے حوالے سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شادی کی یہ تقریب امل کے خاندان کی طرف سے ہوگی جس کا خرچہ امل کے خاندان اٹھائے گا۔

خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ سول میرج کی تقریب پیر کے روز وینس کے ٹاون ہال میں انجام دی جائے گی اور کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوٹل چیپرانی میں مہمانوں کے اعزاز میں ایک نجی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

خبروں کے مطابق شادی کے حوالے سے ہونے والی چار روزہ تقریبات کا سلسلہ جمعہ کی شام عشائیے سے شروع ہو جائے گا جو جارج کلونی کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں رکھا جائے گا ۔

ایک عرصے تک فلمی پردے کی رومانوی کہانیوں میں حقیقت کا رنگ بھرنے والے کنوارے ہیرو جارج کلونی نے جب حقیقی دنیا میں اپنے لیےجیون ساتھی کو منتخب کیا تولوگ ان کی پسند کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے۔

جارج کلونی اور برطانوی قانون دان امل بھی کسی فلمی کہانی کے دو کرداروں کی طرح ہی ایک دوسرے کے قریب آئےاور سماج کی کسی رکاوٹ کے بغیر اپریل میں منگنی کے بندھن میں بندھ گئے ۔

امل عالم ادین کا شمار برطانیہ کی 21 خوبرو خاتون وکیلوں میں کیا جاتا ہے۔ ان کا تعلق دروزی خاندان سے ہے جو لبنان میں خانہ جنگی سے بھاگ کر برطانیہ منتقل ہوا تھا۔ انھیں عربی، فرینچ اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل ہے۔

امل نےلندن کے ایک فرینچ اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے اور آکسفورڈ اور نیویارک یونیورسٹی سے ڈگری یافتہ ہیں۔ وہ بین الاقوامی قانون سازی، انسانی امور اور فوجداری قانون میں تخصیص رکھتی ہیں۔ وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی قانونی مشیر رہ چکی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری کوفی عنان کی مشیر اور شام کے لیے خصوصی مندوب بھی رہی ہیں۔

رواں ماہ میڈیا میں ہالی وڈ کے دولہا اور برطانوی دلہن کی شادی کی تاریخ سے متعلق قیاس آرائیاں گردش کرتی رہی۔ البتہ یہ خبریں سچی ثابت ہوئیں کہ جارج کلونی شادی کے مقام کے طور پر اٹلی کا انتخاب کریں گے جہاں ایک جزیرے پر ان کا ذاتی گھر بھی ہے ۔

آسکر یافتہ اداکار جارج کلونی نے اپنی شادی کا وینیو فلورنس کے بجائے وینس میں کیوں رکھا ہے؟ اس سوال کے جواب میں جارج کلونی نے یہ انکشاف کیا کہ وینس ہی وہ شہر ہے جہاں امل سے ان کی ملاقات ہوئی تھی اور اب وہ اسی شہر میں شادی کرنا چاہتے ہیں۔

جارج کلونی اور امل کی طرف سے شادی کی تقریب کے لیے 150 سے زائد ہالی وڈ کے فلمی ستاروں اور دیگر نامور شخصیات کومدعو کیا گیا ہے جبکہ مہمانوں کی فہرست میں جارج کلونی کے دیرینہ دوست بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے علاوہ ماڈل سنڈی کرافورڈ اور ان کے بزنس مین شوہررانڈے جربر کے علاوہ کئی بڑے نامی گرامی فلمی ستاروں کی آمد متوقع ہے ۔

توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ جارج کلونی کے دوست رانڈے جربر دولہا کا 'بیسٹ مین' بننے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب دولہن کی طرف سے 'برائڈ میڈ' امل کی بہن تالا ہوں گی ۔

انٹرنیشنل میڈیا کی خبروں میں امل عالم ادین کےعروسی جوڑا کے حوالے سے بھی قیافہ شناسی کی گئی لیکن 'یو ایس ویکلی' کے مطابق دلہن کا عروسی لباس فیشن ڈیزائنر سارہ برٹن کا تیار کردہ ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ یہ وہی ڈیزائنر ہیں جن کا تیار کردہ عروسی لباس برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنی شادی پر زیب تن کیا تھا ۔

البتہ جارج کلونی کے لباس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہےجارج کلونی شادی کی تقریب میں ارمانی کا تیار کردہ سوٹ زیب تن کریں گے جس کی تصدیق جورجیو ارمانی کی طرف سے بھی کی گئی ہے۔

وینس کے مقامی پریس کے مطابق جارج کلونی کی طرف سے مہمانوں کی رہائش کے حوالے سے 79 کمروں پر مشتمل ہوٹل چیپرانی بک کروایا گیا ہے جہاں مہمانوں کی پرائیوسی اور سکیورٹی کے خیال سے صرف پانی پر چلنے والی پرائیوٹ موٹر ٹیکسی کےذریعے پہنچا جا سکے گا۔

جبکہ ہفتے کو شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والےمہمانوں کوکشتیوں کے ذریعے امن کینال ریزورٹ تک لانے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ البتہ سیکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر وینس شہر کی سرکاری حکام کی جانب سے آمدورفت کے لیے استعمال ہونے والی روایتی کشتیوں جنھیں 'گوندیلا' کہا جاتا ہے اور واٹر موٹر بسوں کو اس موقع پر بند رکھا جائے گا ۔

روزنامہ ٹیلی گراف کے مطابق، دولہا اور دلہن کی کشتی پولیس کے دستوں کی حفاظت میں ہوٹل پہنچائی جائے گی جبکہ اس موقع پر میڈیا کی جانب سے کیمرہ مینوں کی کشتیوں کی موجودگی بھی متوقع ہے ۔

دوسری جانب میل آن لائن کا کہنا ہے کہ ایک امریکی فیشن میگزین نے شادی کی تقریب کی تصاویرشائع کرنے کے حقوق خرید رکھے ہیں لیکن بتایا گیا ہے کہ ایک برطانوی سیلبریٹی میگزین کی جانب سے بھی حقوق شئیر کرنے کے حوالے سے بات کی گئی ہے ۔

جارج کلونی اور امل کی جانب سے تصاویر کی فروخت سے حاصل کردہ رقم چیریٹی کے سپرد کئے جانے کی خبریں ہیں جبکہ مہمانوں کو شادی کی تقریب میں موبائل فون لانے سے منع کیا گیا ہے تاکہ تقریب کی تصاویر لیک نہ ہو سکیں ۔

XS
SM
MD
LG