رسائی کے لنکس

روس: وزن گھٹانے پر کوئلہ انعام میں


روس کے علاقے سائبیریا میں واقع کیمے رووو کے گورنر نے صحت اور دیکھ بھال کے حوالے سے ایک پروگرام متعارف کرانے کا وعدہ کیا ہے جس میں موٹاپے کے شکار افراد کو وزن گھٹانے پر انعام دیا جائے گا۔

روس میں کان کنی کے ایک اہم علاقے کےگورنر نے مقامی باشندوں کو وزن میں کمی کرنے پر قائل کرنے کے لیے انعام میں ٹنوں کے حساب سے کوئلہ دینے کی پیشکش کی ہے۔

روس کے علاقے سائبیریا میں واقع کیمے رووو کے گورنر امن تولیو نے صحت اور دیکھ بھال کے حوالے سے ایک پروگرام متعارف کرانے کا وعدہ کیا ہے، جس میں وزن کی زیادتی کے شکار افراد کو وزن گھٹانے پر انعام دیا جائے گا۔

اس سلسلے میں گورنر امن تولیو کی جانب سے ایک ٹی وی شو شروع کیا جا رہا ہے جس میں شرکاء کو وزن میں کمی کرنے کے لیے انعام میں خطے لت سے نوازا جائے گا۔

گورنر امن تولیو کے پیرس سیکرٹری انتون گوریلکن نے انٹرفیکس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ایک مقامی ٹی وی چینل پر ایک لائیو شو کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وزن کم کرنے والوں کو انعام میں کوئلہ دیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق اس پروگرام میں شرکاء اضافی وزن سے جان چھڑانے کی جنگ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے اور مختلف اقسام کی ڈائیٹ پر عمل کر کے وزن گھٹانے کی کوشش کریں گے نیز انھیں صحت مند طرز زندگی کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا جبکہ فاتح افراد اچھی کوالٹی کا کئی ٹن کوئلہ حاصل کر سکتے ہیں۔

جمعرات کو گورنر امن تولیو نے 2016ء کے لیے علاقے کا بجٹ پیش کرتے ہوئے قانون سازوں کو بتایا کہ ’’موٹاپے سے لڑنے کے لیے ہمارے پروگرام کے دائرہ کار کے مطابق ہم لوگوں کو وزن گھٹانے پر انعام سے نوازیں گے، بالکل اسی طرح جیسے متحدہ عرب امارات میں دبلے ہونے پر لوگوں کو سونا انعام میں دیا جاتا ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں لوگوں کو وزن میں ہر کلو کی کمی پر ایک گرام سونا انعام میں دیا جاتا ہے لیکن ہم یہاں وزن گھٹانے والے افراد کو گرام میں نہیں بلکہ ٹنوں کےحساب سے کوئلہ دینے کی بات کر رہے ہیں کیونکہ یہ ہمارے بجٹ کے لیے سستا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں سمجھنا چاہیئے کہ حکومت کو صحت مند لوگوں کی ضرورت ہے۔

روس دنیا میں کوئلے کے اہم برآمد کنندگان میں سے ایک ہے جس کا زیادہ تر کوئلہ سائبریا کے علاقے سے آتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ صحت اور دیکھ بھال کے میدان میں ان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر وہ بچوں میں پانچ ہزار سائیکلیں اور پانچ ہزار نورڈک واکنگ پولز تقسیم کر چکے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں 2013ء میں ’ویٹ ان گولڈ‘ یا وزن کے حساب سے سونا کے نام سے ایک مہم متعارف کرائی گئی جس میں ہر ایک کلوگرام وزن کم کرنے پر ایک گرام سونے کی پیشکش کی جاتی ہے.

2014 ء میں اس پروگرام کی مقبولیت میں اضافہ ہو گیا اور حکام کی جانب سے رجسٹرڈ شرکاء میں 2.8 ملین درہم کی مالیت کا سونا تقسیم کیا گیا جبکہ 2015 میں امارات کے حکام نے ایسے والدین کے لیے سونے کی پیشکش کی ہے جو اپنے فربہ بچوں کا وزن گھٹانے میں مدد کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG