رسائی کے لنکس

بین الاقوامی اتحاد کی شامی فوجیوں پر بمباری کی تردید


فائل
فائل

اتحادی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جس علاقے میں بمباری کی گئی تھی وہ شامی فوج کے مذکورہ کیمپ سے 55 کلومیٹر دور ہے۔

داعش کے خلاف سرگرم بین الاقوامی اتحاد نے شام میں سرکاری فوجی تنصیب پر بمباری کے الزام کی تردید کی ہے۔

شامی حکومت نے پیر کو الزام عائد کیا تھا کہ بین الاقوامی اتحاد کے طیاروں نے اتوار کو صوبہ دیر الزور میں واقع شامی فوج کے ایک کیمپ پر بمباری کی تھی جس میں تین شامی فوجی ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔

تاہم بین الاقوامی اتحاد کی جانب سے پیر کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں شامی حکومت کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اتحادی فوج نے مذکورہ علاقے میں کوئی کارروائی نہیں کی۔

بیان کے مطابق اتحادی طیاروں نے اتوار کو دیر الزور میں چار فضائی حملے کیے تھے جن کا ہدف تیل کی تنصیبات تھیں۔

اتحادی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جس علاقے میں بمباری کی گئی تھی وہ شامی فوج کے مذکورہ کیمپ سے 55 کلومیٹر دور ہے۔

بیان کے مطابق اتحادی طیاروں نے شامی حکومت کے بیان کردہ علاقے میں کسی گاڑی یا شخص کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی جس علاقے پر فضائی حملے کیے گئے وہاں شامی فوجیوں کی موجودگی کی کوئی اطلاع تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی اتحاد کے لیے شدت پسندوں کے علاوہ کسی کو نشانہ بنانے کے الزامات انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہیں جن کی تحقیقات ضرورت کی جاتی ہیں۔

اس سے قبل شام کی وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں اتحادی فوج کے مبینہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے "وحشیانہ جارحیت" قرار دیا تھا۔

دمشق سے جاری بیان کے مطابق وزارتِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور سیکریٹری جنرل بان کی مون کو خطوط بھی روانہ کیے ہیں جن میں ان سے مستقبل میں اس طرح کے کسی واقعے کی روک تھام کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شام میں تشدد کی صورتِ حال پر نظر رکھنے والی جلاوطن تنظیم 'سیرین آبزرویٹری' نے بھی شامی حکومت کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتحادی فوج کا حملہ اتوار کو کسی وقت ہوا تھا۔

'آبزرویٹری' نے اپنے ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں شامی فوجی بھی شامل ہیں۔

دیر الزور شام کا شمالی سرحدی صوبہ ہے جو داعش کی خود ساختہ ریاست کے دارالحکومت رقہ اور تنظیم کے زیرِ قبضہ عراق کے شمالی علاقوں کے درمیان واقع ہے۔

اتحادی فوج نے گزشتہ ہفتے کے دوران اس شامی صوبے میں 20 سے زائد فضائی حملے کیے تھے جن میں سے بیشتر کا ہدف تیل کے کنوویں اور تنصیبات تھیں۔ اتحاد کے مطابق ان حملوں کا مقصد داعش کو تیل کی غیر قانونی فروخت سے حاصل ہونے والے وسائل کا راستہ روکنا تھا۔

XS
SM
MD
LG