رسائی کے لنکس

صدر اوباما کے خطاب پر امریکی قانون سازوں کا ملا جلا ردعمل


ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک رکن ڈیوڈ اسکاٹ نے صدر کی انسداد دہشت گردی کی پالیسیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ "میں انھیں (صدر اوباما کو) دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اور بھی زیادہ شدت کے ساتھ بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتا تھا۔"

صدر براک اوباما کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب پر کانگریس کے قانون سازوں کی طرف سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

منگل کو دیر گئے واشنگٹن میں کپیٹل ہل میں صدر کی تقریر کے بعد ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک رہنما نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ صدر کا خطاب امریکی خاندانوں کے لیے "خوشحالی اور مواقع کے ایک بھرپور تصور" پر بھی تھا اور اس میں متوسط طبقے کی مدد کے منصوبوں کو اجاگر کیا گیا۔

لیکن حال ہی میں سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے والے ریبپلکنز نے یہ سوال اٹھایا کہ صدر ان اقدامات کے لیے فنڈ کیسے جمع کریں گے۔

سینیٹر کورے گارڈنر نے محصولات کے ذریعے پیسہ جمع کرنے کی مخالفت کی۔

"صدر کو (اس منصب پر) چھ سال ہو چکے ہیں اور صورتحال ابتر ہوئی ہے جس میں لوگ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے روز بروز مزید سخت محنت کر رہے ہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ ہم محنت کش امریکیوں اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے والوں پر ٹیکس میں اضافہ نہیں کر رہے۔ لیکن بد قسمی سے یہ لگتا ہے کہ صدر کا صرف یہی منصوبہ ہے۔"

ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے سے متعلق صدر اوباما کا کہنا تھا کہ اس سے جوہری تنازع کے حل کے لیے جاری مذاکراتی کوششیں متاثر ہوں گی، لیکن کانگریس کے بعض ارکان تہران پر مزید اقتصادی دباؤ بڑھانے پر زور دے رہے ہیں۔

سینیٹر گارڈنر کا کہنا تھا کہ حالیہ کوششوں سے ایران کو بہت سے رعائتیں دی گئیں ہیں جب کہ اس کے عوض ناکافی فوائد حاصل ہوئے۔

ڈیموکریٹک سینیٹر ایلیٹ اینجل بھی مزید پابندیاں عائد کرنے کے حق میں ہیں۔

"میں یہی سمجھتا تھا اور اب بھی یہی محسوس کرتا ہوں کہ پابندیاں ہی ایران کو مذاکرات کی میز پر لائیں اور مزید تعزیرات ایران کو بہتر طریقے سے بات چیت کرنے پر مجبور کرسکیں گی۔"

ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ ریپبلکن ایڈ روئس نے عالمی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے صدر اوباما کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ "جہادی گروپوں کے خلاف فتح کے اعلان کے لیے پرجوش رہے ہیں۔"

ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک رکن ڈیوڈ اسکاٹ بھی صدر کی انسداد دہشت گردی کی پالیسیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

"میں انھیں (صدر اوباما کو) دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اور بھی زیادہ شدت کے ساتھ بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتا تھا۔"

بعض دیگر قانون ساز صدر اوباما کی حمایت کرتے دکھائی دیے جن میں ڈیموکریٹک سینیٹر باربرا بوکسر بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ " جب وہ (صدر) دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے متحد دنیا کی امریکی قیادت کی بات کرتے ہیں تو انھوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو ظاہر کیا۔"

XS
SM
MD
LG