رسائی کے لنکس

کینیڈا کےکھلاڑیوں کو نئی دہلی میں محتاط رہنےکی ہدایت


کینیڈا کے 30کھلاڑی جِن میں مردوں کی ہاکی ٹیم کے ارکان بھی شامل ہیں کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کےلیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں اور ٹورنٹو میں سرکاری طور پر کہا گیا ہے کہ باقی تمام کھلاڑی اگلے دو تین دن میں وہاں پہنچ جائیں گے۔

دولتِ مشترکہ کے ممالک کے یہ کھیل تین اکتوبرسے نئی دہلی میں شروع ہو رہے ہیں جہاں رہائش کے ناقص انتظامات کی وجہ سے کینیڈا اور کئی دوسرے ممالک کے ایتھلیٹس نے شرکت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ لیکن، اب چونکہ انتظامات بہتر ہوگئے ہیں لہٰذا کینیڈا کی کھیلوں کی تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ اُن کے تمام کھلاڑی نئی دہلی کے گیمز میں شرکت کریں گے۔

دوسری طرف،کینیڈا کی کامن ویلتھ گیمز کی تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر اینڈریو پائپ نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ اُنھوں نے اپنے ملک کے تمام ایتھلیٹز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی دہلی میں اپنے قیام کے دوران احتیاط برتیں اور غیر ضروری طور پر اِدھر اُدھر نہ جائیں۔

اپنے بیان میں اُنھوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اپنی قیام گاہ سے باہر جائیں تو اپنے ساتھ اپنا سیل فون ضرور لے کر جائیں اور اپنی ٹیم کی یونیفارم پہنےن سے گریز کریں۔

ڈاکٹر پائپ نے کہا کہ یہ تمام ہدایات ٹیم کے ارکان کی ہینڈبک میں لکھی ہوئی ہیں لیکن ضرورت اِس بات کی ہے کہ تمام کھلاڑی محتاط رہیں۔

دریں اثنا، ٹیم کینیڈا کی چیف ڈی مشن، مارتھا ڈیکان نے علیحدہ بیان میں کہا ہے کہ اُن کے ملک کے کھلاڑیوں کو حفاظت کے حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ لیکن پھر بھی اُن کے لیے احتیاط لازم ہے۔مجموعی طور پر کینیڈا کے 225ایتھلیٹس دولتِ مشترکہ کے کھیلوں میں حصہ لینے والے ہیں۔

XS
SM
MD
LG