رسائی کے لنکس

کنونشن، ’یو ایس ایڈ‘ کے منصوبوں میں شراکت داری کی پیشکش


Pakistani community Convention
Pakistani community Convention

کنونشن کے شرکا نے پاکستان کی معیشت، تجارت، سکیورٹی کی صورتحال، خارجہ پالیسی اور پاکستان کی ترقی میں کمیونٹی کے کردار سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہٴخیال کیا

امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کا دوسرا سالانہ کنونشن واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانے میں منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے کمیونٹی لیڈر، کاروباری لوگ، پیشہ ورانہ شخصیات اور مختلف پاکستانی امریکیوں کی تنظمیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کی میزبانی میں منعقد ہونے والا یہ دوسرا سالانہ کنوینشن تھا، جس میں امریکی اور پاکستانی حکام نے خطاب کیا اور سوال و جواب کی نشست کے دوران، کمیونٹی کو متعدد اہم مسائل پر رہنمائی فراہم کی۔

پاکستانی سفارتخانے میں منعقد ہونے والے اس کنونشن کو کمیونٹی کے ساتھ بہترین رابطہ کار بحال کرنے کے لئے پبلک ڈپلومیسی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں نیویارک، شکاگو اور ہوسٹن سمیت ملک بھر سے پاکستان کی اہم شخصیات اور قونصل جنرل بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے پاک امریکہ تعلقات میں کمیونٹی کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انھوں نے کمیونٹی کو پاکستان میں معاشی بحالی اور انسداد دہشت گردی کے لئے حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ رواں ماہ کے آخیر میں وزیر اعظم پاکستان کے دورہٴ امریکہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام میں مدد ملے گی۔

کنونشن کے شرکا نے پاکستان کی معیشت، تجارت، سیکورٹی کی صورتحال، خارجہ پالیسی اور پاکستان کی ترقی میں کمیونٹی کے کردار سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہٴخیال کیا۔

کنونشن سے امریکی محکمہٴخارجہ اور ’یو ایس ایڈ‘ کے اعلیٰ حکام نے بھی خطاب کیا اور پاک امریکہ تعلقات کی موجودہ صورتحال اور پاکستان میں یو ایس ایڈ کے منصوبوں سے متعلق کمیونٹی کو آگاہی دی۔

یو ایس ایڈ کے نمائندے، ڈین گرانٹ نے بتایا کہ پاکستان میں پہلا تجارتی اسکول آئی بی اے سمیت متعدد اہم اداروں کے قیام میں یو ایس ایڈ نے مدد کی۔ کیری لوگر بل کے ذریعہ پاکستان کو 5 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی گئی۔ یو ایس ایڈ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے اور اب تک 128 میگاواٹ بجلی قومی ٹرانسمیشن میں شامل کرچکا ہے۔

ڈین گرانٹ نے پاکستانی کمیونٹی کو پشکش کی کہ اگر وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، تو یو ایس ایڈ ان کے منصوبوں میں مساوی شراکت داری کے لئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی اپنے ملک کی معاشی بحالی میں یو ایس ایڈ کے ساتھ بہتر شراکت داری کرسکتی ہے۔

امریکی پارلیمنٹ میں پاکستانی کاکس کی چیئرپرسن کانگریس ویمن شیلا جیکسن کا کنوینشن میں پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس میں انھوں نے کنوینشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

XS
SM
MD
LG