رسائی کے لنکس

امریکی مسلمان اور انتہا پسندی: کانگریس میں متنازعہ سماعت کا دوسرا دور


کانگریس میں پیٹر کنگ

کانگریس میں پیٹر کنگ

پیٹر کنگ نے، جو کہ نیو یارک سے ریپبلیکن پارٹی کے نمائندے اور کمیٹی برائے ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہ ہیں، سماعت کو ’امریکی جیلوں میں مسلم امریکی انتہا پسندی کے خطرے ‘ کا عنوان دیا ہے۔

کنگ کا کہنا ہے کہ امام حضرات قید خانوں میں بند لوگوں میں سخت گیر قسم کے خیالات کی تبلیغ کر رہے ہیں، جن میں سے کچھ باہر نکلنے پر دہشت گرد حملوں میں شریک ہوئے ہیں یا پھراُنھوں نے بیرونِ ملک دہشت گرد گروہوں میں شامل ہونے کی کوشش کی ہے۔


اُنھوں نے کہا کہ سماعت میں ایسے معاملے کا بغور جائزہ لیا جائے گا جو ہمارے معاشرے کے لیے بہت ہی اہمیت کا باعث ہے، اور جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

سماعتوں کےباعث سخت تنازعے کو ہوا ملی ہے۔ ناقدین اِس کا مقابلہ1950کی دہائی کے اُس دور سے کرتے ہیں جب کمیونسٹ دہشت کو ہوا دی گئی تھی اور جب کمیونسٹ نظریات سے ہمدردیاں رکھنےکے شبے میں، ہزاروں امریکیوں کو پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

منی سوٹا سے نمائندے کیتھ الیسن نے، جو کانگریس کے پہلے منتخب مسلمان رکن ہیں، ،مارچ میں ہونے والی پہلی سماعت کے دوران گواہی دیتے ہوئےکہا تھا کہ اُن کے مذہب سےتعلق رکھنے والے لوگوں کوبدنام کیا جارہا ہے۔

اُن کے بقول، ’ خصوصی طور پر اِس کمیٹی کا اِس عنوان پر اختیار کیا گیا انداز ، میرے خیال میں، اعلیٰ امریکی اقدار کے منافی ہے‘۔

تاہم، ڈاکٹر زہدی جسر نے، جو کہ ایری زونا سے تعلق رکھنے والے فزیشن ہیں، اِس بات سے اختلاف کیا۔

ڈاکٹر زہدی جسر کے الفاظ میں، ’ ایک مسلمان کی حیثیت سے مجھے اِس مکالمے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ اگر ہم اِس کینسر کا تدارک کرنے کے خواہاں ہیں جو ہمارے ہمہ جہت ، شاندار اور خوبصورت مذہب میں سرایت کرگیا ہے، جس پر میں عمل پیرا ہوں، تو ہمیں ضرورت اِس بات کی ہے کہ ہم اِس کے بارے میں بات کریں۔ ‘

یہ تھے ڈاکٹر جسر جو امریکی بحریہ کے ایک سابق افسر ہیں، جنھوں نے 1990کی دہائی میں کانگریس کے لیے اسٹاف فزیشن کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں، اور اُنھوں نے امریکن اسلامک فورم فور ڈیموکریسی نامی ایک گروپ قائم کیا ہے۔

ایوان کے رکن، پیٹر کنگ کا کہنا ہے کہ اُن کی سماعتوں کا مقصد تمام مسلمانوں کو شیطان صفت بنا کر پیش کرنا نہیں ہے، اور بقول اُن کے، یہ سماعتیں قومی سلامتی کے نقطہٴ نظر سے ضروری ہیں۔

XS
SM
MD
LG