رسائی کے لنکس

برطانوی انتخابات: ڈیوڈ کیمرون کی غیرمعمولی فتح


کنزرویٹو نے دارالعوام میں اکثریت کی ضرورت سے چار نشستیں زیادہ حاصل کر لی ہیں۔۔ اور یوں، ڈیوڈ کیمرون کو حکومت بنانے کے لیے کسی پارٹی اتحاد کی ضرورت نہیں ہے

عام انتخابات میں واضح اکثریت سے جیتنےکے بعد، ڈیوڈ کیمرون جمعے کے روز اپنی غیرمعمولی فتح کا جشن منا رہے ہیں۔ انتخابی نتائج کے ذریعے، عوام نےایک بار پھر ان پر اپنا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے دوسری مدت کے لیے برطانیہ کا وزیر اعظم منتخب کیا ہے۔

ڈیوڈ کیمرون نے اپنی کامیابی کو ’شیریں فتح‘ قرار دیا ہے۔

برطانیہ کے 650 انتخابی حلقوں کے مکمل نتائج آنے کے بعد، کنزرویٹو پارٹی نے 56 ویں برطانوی پارلیمان کی 331 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے، اور ایک واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

کنزرویٹو نے دارالعوام میں اکثریت کی ضرورت سے چار نشستیں زیادہ حاصل کر لی ہیں۔۔ اور یوں، ڈیوڈ کیمرون کو حکومت بنانے کے لیے کسی پارٹی اتحاد کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 20 سالوں میں واضح اکثریت کے ساتھ یہ کنزرویٹو کی پہلی حکومت ہوگی۔ وہ دوسرے برطانوی وزیر اعظم ہیں جنھوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے اکثریت حاصل کی ہے۔ ان سے پہلے کنزرویٹو کی رہنما مارگریٹ تھیچر نے 1997ء کی پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت حاصل کی تھی۔

ڈیوڈ کیمرون نے جمعے کی ڈرامائی صبح ایک بیان میں کہا کہ 'برطانیہ کچھ بہت ہی خاص ہونے کے قریب تھا'۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے آج ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’یہاں سب کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت ہے‘؛ اس پیغام کے ساتھ انھوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے۔

بکنگھم پیلس میں ملکہ سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم کے آفس ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر انھوں نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ انھیں70 سالوں میں بننے والی پہلی مخلوط حکومت کی قیادت کرنے پر فخر ہے۔

اس موقع پر انھوں نے ایک بار پھر ورکنگ کلاس کی جماعت ہونے کا عزم دہرایا۔

انھوں نے کہا کہ میں ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے اس فتح کے لیے کام کیا ہے .خاص طور پر میں لبرل ڈیموکریٹ کے رہنما، نِک کلیگ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ برطانیہ کو ایک قوم بنانے کے لیے حکومت کی قیادت کریں گے۔ بقول اُن کے، 'میری حکومت نے بہت اہم کام کیا اور بہتر مستقبل کے لیے بنیادیں ڈالی ہیں اور اب اس پر تعمیر ضروری ہے۔'

ڈیوڈ کیمرون کے مطابق،'میں اپنے وعدوں میں سچا رہوں گا اور ویلز،اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئر لینڈ کی جماعتوں کے اتفاق سے جلد سے جلد ان کے نفاذ کی کوشش کروں گا۔'

توقع ہے کہ جمعہ کو کسی وقت نئی کابینہ کے ارکین کی تقرریوں کے ساتھ کنزرویٹو کے رہنما حکومت سازی کا عمل شروع کریں گے۔۔

XS
SM
MD
LG