رسائی کے لنکس

فرانس: بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو شکست


فرانس میں گزشتہ چند برسوں کے دوران انتہائی دائیں بازو کی جماعت 'نیشنل فرنٹ' کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی سربراہ میری لی پین ہیں
فرانس میں گزشتہ چند برسوں کے دوران انتہائی دائیں بازو کی جماعت 'نیشنل فرنٹ' کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی سربراہ میری لی پین ہیں

بلدیاتی انتخابات سے قبل فرانس کی دونوں مرکزی سیاسی جماعتوں نے رائے دہندگان کو خبردار کیا تھا کہ وہ 'نیشنل فرنٹ' کو اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے اپنا حقِ رائے دہی ضرور استعمال کریں۔

فرانس میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سابق صدر نکولس سرکوزی کی قدامت پسند جماعت 'یو ایم پی' نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

انتخابات میں موجودہ صدر فرانسس اولاں کی جماعت 'سوشلسٹ پارٹی' کے قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھانے کی توقع پہلے ہی کی جارہی تھی۔ لیکن حکمران جماعت نے رائے دہندگان پر زور دیا تھا کہ وہ ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں۔

اتوار کو ہونے والے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق 'یو ایم پی' اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 31 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

دوسرے نمبر پر انتہائی دائیں بازو کی جماعت 'نیشنل فرنٹ' رہی ہے جسے غیر حتمی نتائج کے مطابق 24 فی صد ووٹ ملے ہیں۔ حکمران 'سوشلسٹ پارٹی' 19 فی صد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ہے۔

فرانس میں گزشتہ چند برسوں کے دوران 'نیشنل فرنٹ' کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس نے فرانس کی مرکزی سیاسی جماعتوں میں تشویش کی لہر دوڑادی ہے۔

میری لی پین کی سربراہی میں قائم انتہائی دائیں بازو کے نظریات کی حامل یہ جماعت فرانسیسی معاشرے میں تارکینِ وطن خصوصاً مسلمانوں کے انضمام کی سخت مخالف ہے اور فرانس کی یورپی یونین میں موجودگی کی بھی مخالفت کرتی ہے۔

فرانس کی سیاست میں 'سوشلسٹ' اور 'یو ایم پی' ایک دوسرے کی روایتی مخالف سمجھی جاتی ہیں لیکن بلدیاتی انتخابات سے قبل دونوں جماعتوں نے رائے دہندگان کو خبردار کیا تھا کہ وہ 'نیشنل فرنٹ' کو اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے اپنا حقِ رائے دہی ضرور استعمال کریں۔

انتخابات کا اگلا دور آئندہ اتوار کو ہوگا جس میں بلدیاتی حلقوں میں سرِ فہرست رہنے امیدواران کے درمیان دو بدو مقابلہ ہوگا۔

دوسرے مرحلے سے قبل 'یو ایم پی' اور 'سوشلسٹ'، دونوں کے رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنے اپنے حلقے میں اس امیدوار کو ووٹ دیں جو 'نیشنل فرنٹ' کے امیدوار کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

XS
SM
MD
LG