رسائی کے لنکس

اسکاٹ لینڈ ریفرنڈم: ووٹنگ مکمل، گنتی جاری


ووٹنگ کے دوران سامنے آنے والے رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق برطانیہ کے ساتھ رہنے اور آزادی کے حامیوں کے درمیان کڑا مقابلہ ہے۔

برطانیہ سے آزادی یا اس کا حصہ رہنے کے سوال پر اسکاٹ لینڈ میں جمعرات کو ہونے والے تاریخی ریفرنڈم میں ووٹ ڈالنے کا عمل مکمل ہوگیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

پوری دنیا اور خصوصا ً برطانیہ کے عوام اور خواص ریفرنڈم کے نتائج کے بے چینی سے منتظر ہیں جن کا اعلان مقامی وقت کے مطابق جمعے کی صبح سات بجے متوقع ہے۔

ریفرنڈم کے نتیجے میں یا تو اسکاٹ لینڈ کی حکومت کو برطانیہ سے آزادی کے اعلان کا حق مل جائے گا یا برطانیہ اور اسکاٹ لینڈ کا 307 سال پرانا اتحاد برقرار رہے گا۔ اسکاٹ لینڈ کا 1707ء میں برطانیہ کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔

ریفرنڈم کے لیے اہل ووٹروں کی تعداد 42 لاکھ سے زائد تھی اور توقع کی جا رہی ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنا ووٹ کا حق استعمال کیا ہوگا۔

رائے دہندگان کے لیے تقریباً 2600 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے رات10 بجے تک ووٹنگ جاری رہی۔

ریفرنڈم میں لوگوں سے پوچھا گیا تھا کہ " کیا اسکاٹ لینڈ کو ایک آزاد ملک ہونا چاہیے؟" اور وہ ہاں یا نہیں کا انتخاب کر سکتے تھے۔

پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کے لیے بیلٹ بکس 32 مختلف علاقائی مراکز پہنچائے گئے ہیں جہاں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

ووٹنگ کے دوران سامنے آنے والے رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق برطانیہ کے ساتھ رہنے اور آزادی کے حامیوں کے درمیان کڑا مقابلہ ہے اور رائے عامہ واضح طور پر بٹی ہوئی ہے۔

تاہم ووٹنگ سے قبل آخری لمحات میں سامنے آنے والے جائزوں میں دعویٰ کیا گیاتھا کہ اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے خلاف رائے دینے والوں کو آزادی کے حامیوں پر معمولی برتری حاصل ہے۔

لیکن ان جائزوں میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ووٹنگ سے عین قبل تک لگ بھگ چھ لاکھ ایسے ہیں جو اب تک کوئی فیصلہ نہیں کرسکے ہیں کہ آیاانہیں آزادی کی حمایت یا مخالفت میں ووٹ دینا ہے۔

XS
SM
MD
LG