رسائی کے لنکس

سلمان خان کو قتل خطا کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا


Salman Khan
Salman Khan

استغاثہ کا الزام تھا کہ 2002 سلمان خان ایک شراپ خانے میں رات بھر مے نوشی کے بعد گاڑی چلا رہے تھے جب خود پر قابو نہ رکھنے کے باعث انہوں نے سوئے ہوئے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی۔

ممبئی کی ایک عدالت نے بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو 13 برس قبل ایک بے گھر شخص کو نشے کی حالت میں گاڑی سے کچل کر قتل کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

سلمان خان کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا لیکن بعد ازاں انھوں نے اپنی ضمانت کروا لی۔ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

49 سالہ سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے نشے کی حالت میں لینڈ کروزر ڈرائیو کرتے ہوئے باندرہ ویسٹ علاقے میں ایک بیکری کے باہر فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے بے گھر افراد پر گاڑی چڑھا دی تھی، جس سے چار افراد زخمی اور ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔

سلمان خان نے عدالت میں یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس رات نہ تو انہوں نے شراب پی رکھی تھی اور نہ وہ خود گاڑی چلا رہے، بلکہ گاڑی ان کا ڈرائیور اشوک سنگھ چلا رہا تھا۔

تاہم متعدد گواہوں کے بیانات سننے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج ڈی ڈبلیو دیشپانڈے نے ان کے مؤقف کو مسترد کر دیا۔ جج نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گاڑی آپ ہی چلا رہے تھے،‘‘ اور ان پر لگائے گئے تمام الزامات کو درست قرار دیا۔ جج نے کہا کہ ’’یہ ممکن نہیں‘‘ کہ گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا۔

گزشتہ ماہ واحد دفاعی گواہ اشوک سنگھ نے بیان دیا تھا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لینڈ کروزر ڈرائیو کرتے ہوئے بایاں ٹائر پھٹنے کے بعد انہوں نے گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھا دی تھی کیوںکہ اسے موڑنا یا بریک لگانا مشکل تھا۔ اشوک سنگھ ہی بدھ کو سلمان خان کو گاڑی ڈرائیو کر کے عدالت لائے تھے۔

تاہم استغاثہ کا الزام تھا کہ 28 ستمبر 2002 کو سلمان خان جوہو کے ایک متمول شراپ خانے میں رات بھر مے نوشی کے بعد گاڑی چلا رہے تھے جب خود پر قابو نہ رکھنے کے باعث انہوں نے سوئے ہوئے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی۔ استغاثہ کا الزام تھا کہ اس کے بعد سلمان خان جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔

جج نے تسلیم کیا کہ مرنے والا شخص نوراللہ گاڑی لگنے سے ہلاک ہوا نا کہ گاڑی کو ہٹانے کے دوران، جیسا کہ سلمان خان کے وکیل کہہ رہے تھے۔ سلمان خان جرم ثابت ہونے کے بعد عدالت میں آبدیدہ ہو گئے۔

سلمان خان نے سو سے زائد فلموں اور ٹی وی شوز میں کام کیا ہے اور ان کی مزید سات فلمیں زیرِ تکمیل ہیں۔

سلمان خان کے بھائی سہیل خان اور بہنیں الویرا اور ارپتا سلمان خان کے ساتھ عدالت میں موجود تھیں۔ ممبئی کی فلمی برادری نے سلمان خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور شاہ رخ خان سمیت بہت سے اداکاروں نے ان کے گھر ان سے ملاقات کی ہے۔

XS
SM
MD
LG