رسائی کے لنکس

کراچی: ایم کیو ایم کے کیمپ پر دستی بم حملہ، 29 افراد زخمی


زخمیوں میں، ایم کیو ایم کے تین رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین، سیف الدین خالد اور عبداللہ شیخ بھی شامل ہیں۔ تاہم، واسع جلیل کا کہنا ہے کہ تینوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہیں معمولی زخم آئے ہیں

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سازی کیمپ پر دستی بم حملے میں، ایم کیو ایم کے تین رکن صوبائی اسمبلی سمیت 29 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ جمعہ کی رات اورنگی ٹاوٴن میں پیش آیا۔

سینئر پولیس اہل کار، عرفان بلوچ کے مطابق، زخمی ارکان سندھ اسمبلی میں محمد حسین، سیف الدین خالد اور عبداللہ شیخ شامل ہیں۔ واقعہ کے فوری بعد، تمام زخمیوں کو قریب ہی واقع قطر اور عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما، واسع جلیل نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا ہے کہ تینوں ارکان اسمبلی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعہ کے فوری بعد، رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے اورنگی ٹاوٴن نمبر پانچ میں قائم متحدہ کے رکن سازی کیمپ پر دستی بم پھینکا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے شہر بھر میں عام لوگوں کو پارٹی کی رکنیت اختیار کرنے کے لئے کیمپ لگائے ہوئے ہیں، جہاں شام کے اوقات میں لوگوں کا رش رہتا ہے، جبکہ پارٹی رہنما بھی ان کیمپوں میں موجود ہوتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG