رسائی کے لنکس

پاکستان نے پہلا ٹی 20 میچ آٹھ رنز سے جیت لیا

  • عمیر ریاض

پاکستان نے پہلا ٹی 20 میچ آٹھ رنز سے جیت لیا

پاکستان نے پہلا ٹی 20 میچ آٹھ رنز سے جیت لیا

تین میچوں کی سیریز کے اس پہلے میچ کے لیے پاکستان نے آل رائونڈر اویس ضیاءاور حماد اعظم کو ٹیم میں شامل کیا تھا جنہوں نے پہلی بار کسی ٹی20 میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی

دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 8 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

جمعرات کو ہونے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے تھے۔

جواباً انگلینڈ کی ٹیم 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقرہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بناسکی۔

سولہویں اوور کے اختتام تک انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے تھے اور میچ میں اس کی فتح بظاہر یقینی نظر آرہی تھی۔ لیکن 18ویں اوور میں عمر گل نے لگاتار دو وکٹیں حاصل کرکے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے روی بوپارا 39 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اوپنر کیون پیٹرسن نے 33 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 18 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔ محمد حفیظ نے 2 اور شاہد آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپنرز محمد حفیظ اور اویس ضیاء نے اننگز کا جارنہ آغاز کیا۔ ضیاء تیسرے اوور میں 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 32 رنز تھا۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 65 کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق کی گری جو نویں اوور کے آغاز پر 19 رن بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔دو گیندوں بعد محمد حفیظ بھی کیچ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 23 رنز بنائے۔

گیارہویں اوور میں 73 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو دو وکٹوں سے اس وقت محروم ہونا پڑا جب سابق کپتان شاہد آفریدی صرف 7 رن اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے کیچ آئوٹ ہوگئے۔

اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور سابق کپتان شعیب ملک نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور آخری وقت تک وکٹ پر ٹہر کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کردی۔

شعیب ملک آخری اوور کی آخری گیند پر 39 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے اور ٹاپ اسکورر رہے ۔ کپتان مصباح نے 26 ر ن بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے گریم سوان نے 3 جب کہ اسٹیون فن اور جیڈ ڈرن بیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

تین میچوں کی سیریز کے اس پہلے میچ کے لیے پاکستان نے آل رائونڈر اویس ضیاءاور حماد اعظم کو ٹیم میں شامل کیا تھا جنہوں نے پہلی بار کسی ٹی20 میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

سیریز کا دوسرا میچ ہفتہ کو دبئی میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG