رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: سری لنکا نے بھارت کو شکست دیدی


بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 265 رنز کا ہدف دیا تھا جسے سری لنکن ٹائیگرز نے آخری اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں سری لنکا نے بھارت کو دو وکٹوں سے ہرادیا ہے۔

بنگلہ دیش کے شہر فتح اللہ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 265 رنز کا ہدف دیا تھا جسے سری لنکن ٹائیگرز نے آخری اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی فتح میں کمار سنگاکارا کی سینچری نے بنیادی کردار ادا کیا جنہوں نے ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے۔

اوپنر کسل پریرا 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے اروند جدیجا اور محمد شامی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ روی چندرن ایشون نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 264 رنز بنائے تھے اور اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

بھارت کی طرف سے ابتدائی بلے باز شیکھر دھون نے سب سے زیادہ 94 رنز اسکور کیے جب کہ کپتان ویرات کوہلی نے 48 رنز بنائے۔

سری لنکا کے اسپن باؤلر اجنتا مینڈس نے چار جب کہ سنانائیکے نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ میں بھارت کی یہ پہلی شکست جب کہ سری لنکا کی مسلسل دوسری فتح ہے۔ اپنے پہلے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو جب کہ سری لنکا نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو شکست دی تھی۔

سیریز کا پانچواں میچ ہفتے کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گاجس کے بعد اتوار کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت ڈھاکہ میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گے۔

خیال رہے کہ بارہویں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے علاوہ پہلی بار افغانستان کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG