رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: سری لنکا نے پاکستان کو ہرادیا


پاکستان کی پوری ٹیم 5ء48 اوورز میں 284 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمر اکمل کے74 اور مصباح الحق کے 73 رنز بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو 12 رنز سے شکست دیدی ہے۔

منگل کو بنگلہ دیش کے شہر فتح اللہ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 5ء48 اوورز میں 284 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمر اکمل کے74 اور مصباح الحق کے 73 رنز بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے۔

پاکستان نے بیٹنگ کا اچھا آغاز کیا اور اننگز کے وسط تک پاکستانی بلے بازوں نے میچ پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔ چوبیسویں اوور تک پاکستان کی 121 رنز پر چار وکٹیں گری تھیں۔

اس موقع پر کپتان مصباح اور عمر اکمل نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں قومی ٹیم کے اسکور میں 121 رنز کا اضافہ کرکے میچ پر گرفت مزید مضبوط بنادی۔


تینتالیسویں اوور میں عمر اکمل آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم کا اسکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز تھا۔

تاہم اکمل کے پویلین لوٹنے کے بعد قومی ٹیم کے بلے بازوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور باقی ماندہ چھ کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 42 رنز کا اضافہ کرسکے۔


سری لنکن بالر لسیتھ ملنگا قومی ٹیم کے بلے بازوں کے لیے سوہانِ روح ثابت ہوئے جنہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ سرنگا لکمال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز اسکور کیے۔

تھریما 102 جب کہ سنگاکارا 67 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی اور عمر گل نے دو، دو جب کہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بارہویں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے علاوہ پہلی بار افغانستان کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔

بھارت پانچ بار اور سری لنکا چار مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے جب کہ پاکستان دو ٹورنامنٹس کا فاتح رہا۔

ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں ہر ٹیم چار، چار میچ کھیلے گی اور جیتنے کی صورت میں اسے چار پوائنٹس حاصل ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG