رسائی کے لنکس

ریٹائرمنٹ یا کپتانی سے دستبردار ہونے کی خبروں کی تردید


ریٹائرمنٹ یا کپتانی سے دستبردار ہونے کی خبروں کی تردید
ریٹائرمنٹ یا کپتانی سے دستبردار ہونے کی خبروں کی تردید

آسٹریلیاکے کپتان رکی پونٹنگ نے عالمی کپ کے بعد اپنے ریٹائر ہو نے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو کرکٹ کیئریر ختم کرنے اور نہ ہی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اُن کا کوئی ارادہ ہے۔

اخبار’ ڈیلی میل‘ نے دعویٰ کیا تھا کہ 36 سالہ آسٹریلوی کپتان برصغیر میں جاری کرکٹ کے عالمی کپ کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔لیکن بدھ کو بھارتی شہر احمد آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پونٹنگ نے کہا کہ یہ خبر سچائی پر مبنی نہیں۔”میں نے اپنی ریٹائرمنٹ یا پھر اس کے وقت کا تعین کرنے کے بارے میں کبھی سوچا ہی نہیں ہے۔“

اُنھوں نے کہا کہ وہ ایک کھلاڑی کے طور پر بہتر سے بہتر تیاری اور اپنی ٹیم کو جس قدر ممکن ہو سکے ایک اچھی قیادت فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔”لیکن اس کے باوجود تمام وقت میری ریٹائرمنٹ سے متعلق خبریں شائع ہو تی رہتی ہیں اورہم سب بخوبی جانتے ہیں کہ اخبار میں چھپنے والی ہر خبر پر آپ کو یقین نہیں کرنا چاہیے۔ “

آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ اُنھیں ایسا لگتا ہے کہ اب ہر چند ہفتوں کے بعد اُنھیں ایسے سوالوں کا جواب دینا پڑے گا۔”میں ہمیشہ کی طرح آج بھی کرکٹ کھیل کر لطف اندوز ہوتا ہوں۔ بھارت کے ساتھ ہمار ا ایک بڑا میچ ہونے جارہا ہے جس کا مجھے انتظار ہے اورمیرے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایک کھلاڑی کے طور پر میں اس میچ میں اچھی کارکردگی دکھا سکوں۔“

رکی پونٹنگ نے کہا کہ آسٹریلیا کی جانب سے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ کھیلنے کا اُن کا شوق برقرار ہے لیکن اگر اُن کی جگہ مائیکل کلارک کو ٹیم کی قیادت دی جاتی ہے تو اُنھیں اس پر اعتراض نہیں ہوگا۔”اگر کرکٹ آسٹریلیا کے خیال میں میری جگہ کوئی اور ٹیم کی بہتر قیادت کرسکتا ہے تو ایسا ہی سہی۔“

اُنھوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے اور میں بھی ٹیم میں شامل ہونے کی اہلیت رکھتا ہوں تواُنھیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔تاہم آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ اُنھیں معلوم ہوگا کہ کب اُنھیں کپتانی سے یا پھر ایک کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم سے الگ ہو جانا چاہیے۔ ”لیکن فی الحال یہ وقت ایسے فیصلوں کے لیے میرے خیال میں مناسب نہیں“۔

XS
SM
MD
LG