رسائی کے لنکس

شاہد آفریدی ورلڈ کپ کیلیے قومی ٹیم کے کپتان مقرر


شاہد آفریدی ورلڈ کپ کیلیے قومی ٹیم کے کپتان مقرر
شاہد آفریدی ورلڈ کپ کیلیے قومی ٹیم کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو ورلڈ کپ 2011 کیلیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔

آفریدی کو کپتان مقرر کرنے کا اعلان قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے جمعرات کی شب نیوزی لینڈ کے شہر ہملٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پی سی بی کی جانب سے 19 فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلیے گزشتہ ماہ کے وسط میں 15 رکنی حتمی پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم بورڈ نے کپتان کی تقرری قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے بعد کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔

پی سی بی کے اس فیصلے کو سابق پاکستانی کھلاڑیوں اور کرکٹ کے حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

تاہم جمعرات کے روز قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے صحافیوں کو بتایا کہ بورڈ حکام اور سلیکٹرز نے اتفاقِ رائے سے کرکٹ کے عالمی کپ کے دوران قومی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں بھی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان کی قیادت میں جمعرات کے روز پاکستان نے سیریز کے پانچویں میچ میں فتح حاصل کرکے سیریز 1-3 سے جیت لی تھی۔

اس فتح کے بعد گمان کیا جارہا تھا کہ بورڈ کی جانب سے آفریدی کو ہی کپتانی کے عہدے پر برقرار رکھا جائے گا۔

جمعرات کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف 41 رنز سے فتح کے نتیجے میں پاکستان ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی کسی سیریز میں دو سال کے بعد کامیابی حاصل کرپایا ہے۔ قومی ٹیم نے اس سے قبل 2008 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی۔

XS
SM
MD
LG