رسائی کے لنکس

چوتھا ٹیسٹ: انگلینڈ نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا


بھارت کے خلاف سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے دوسرے روز کے اختتام پر 457 رنز اسکور کرلیے ہیں جبکہ اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ انگلینڈ کی شاندار کارکردگی کے بعد عالمی چیمپئن بھارت کی یہ امیدیں معدوم ہورہی ہیں کہ وہ سیریز کا یہ آخری میچ جیت کر کچھ عزت بچا پائے۔

واضح رہے کہ چار میچوں کی سیریز کے ابتدائی تینوں میچ جیت کر انگلینڈ پہلے ہی نہ صرف فیصلہ کن برتری حاصل کرچکا ہے بلکہ ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں بھی پہلی پوزیشن پر آگیا ہے جبکہ بھارت کی ٹیم پہلی پوزیشن سے محروم ہوکر تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔

درجہ بندی میں تنزل اور سیریز کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے میں مسلسل ناکامی کے باعث بھارت کی ٹیم کو سابق کھلاڑیوں اور کھیلوں کے شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چوتھے میچ کے آغاز سے قبل بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ شائقین کے غصہ کوٹھنڈا کرنے کے لیے ان کی ٹیم چوتھا میچ جیتنے کی پوری کوشش کرے گی۔

تاہم میچ کے ابتدائی دو ایام میں انگلش ٹیم کی کارکردگی کے بعد یہ خاصا مشکل نظر آرہا ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ انگلینڈ یہ سیریز کلین سوئپ کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔

اوول میں ہونے والے میچ کے دوسرے روز کپتان اینڈریو اسٹراس اور الیسٹر کک نے 75 کے مجموعی اسکور پر اننگز کا آغاز کیا تو کک گزشتہ روز بنائے گئے اپنے 34 رنز میں کوئی اضافہ کیے بغیرکیچ آئوٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ 97 کے مجموعی اسکور پر کپتان اسٹراس کی گری جنہوں نے 40 رن بنائے۔ تاہم بعد میں آنے والے ایان بیل اور کیون پیٹرسن نے بھارتی بالرز کے چھکے چھڑاتے ہوئے نہ صرف سینچریاں اسکور کیں بلکہ تیسری وکٹ کی شراکت میں 350 رنز بنا کر انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم بنادی۔

پیٹرسن 175 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سریش رائنا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر کریز پر ایان بیل اور جیمز اینڈرسن موجود تھے جنہوں نے بالترتیب 181 اور 3 رنز بنائے ہیں۔

جمعرات کو میچ کے آغاز پر انگلینڈنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور 75 رنز بنائے تھے جس کے بعد کھیل بارش کے باعث روک دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG