رسائی کے لنکس

آخر ی کرکٹ ٹیسٹ میں بھی بھارت کو شکست کا سامنا


آخر ی کرکٹ ٹیسٹ میں بھی بھارت کو شکست کا سامنا
آخر ی کرکٹ ٹیسٹ میں بھی بھارت کو شکست کا سامنا

اتوار کو اوول میں انگلینڈ کے خلاف آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز فالوآن ہونے کے بعد کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں بھارت نے 129 رنز بنائے ہیں اور اُس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

سچن ٹنڈولکر 35 اور اَمیت مِشرا8 کے انفرادی سکور پر کریز پر موجود ہیں جبکہ اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے بھارت کو ابھی مزید162 رنز درکار ہیں اور اُس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اِن فارم بھارتی بلے باز راہول ڈراوِڈ بھی شامل ہیں جنہوں نے پہلی اننگز میں 146 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اُن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مہمان ٹیم نے سیریز میں پہلی مرتبہ 300 رنز کا ہدف حاصل کیا لیکن وہ اپنی ٹیم کو فالوآن ہونے سے نہ بچا سکے۔

میزبان ٹیم نے ہفتہ کو 6 کھلاڑی آؤٹ 591 رنز پراپنی پہلی اننگزختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انگلش بلے باز این بیل نے 235 اور کیون پیٹرسن نے 175 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک بڑا سکور حاصل کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

بھارتی ٹیم نے 291 رنز کے خسارے کے ساتھ جب اپنی دوسری باری کا آغاز کیا تو49 کے مجموعی سکور پر راہول ڈراوِڈکو آف سپن باؤلر گریم سوارن نے کُک کے ہاتھو ں تیرہ کے انفرادی سکور پر کیچ آؤٹ کردیا۔اس کے بعد اُنھوں نے وریندر سہواگ کو 33کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کردیا ۔ اُس وقت مہمان ٹیم کا مجموعی سکور 64 تھا۔ بھارت کی تیسری وکٹ 118 پر گری جب فاسٹ باؤلر اینڈرسن نے ڈبلیو ایس لکشمن کو 24 رنز پر بولڈ کردیا۔

اس سے قبل اتوار کی صُبح بھارت نے گزشتہ روز کے 103 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر جب اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 300 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئی اور 146 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ڈراوِڈ نامور بھارتی بلے باز سنیل گواسکر اور سہواگ کے بعد تیسرے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں جو ٹیسٹ میچ کی کسی ایک اننگز کے آغاز سے اختتام تک وکٹ پر موجود رہے۔

انگلینڈ کی طر ف سے پہلی اننگز میں سوارن اور برسنن نے تین، تین جبکہ اینڈرسن اور براڈ نے دو، دو وکٹیں لیں۔

اوول کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ پر میچ کے چوتھے روز گیند بہت زیادہ ٹرن ہونا شروع ہو گیا تھا جس کی وجہ سے بھارتی بلے بازوں کو سپن باؤلر سوار ن کو کھیلنا خاصا مشکل ہوگیا ۔ ان حالات میں مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پیر کومیچ کے آخری روزسوارن کی آف سپن باؤلنگ کو کھیلنے میں مشکلات کا سامنا ہوگا اور اور بظاہر چوتھے ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔

جمعرات کومیچ کے پہلے دن بارش کی وجہ سے زیادہ وقت کھیل نہیں ہوسکا تھا جبکہ تیسرے روز بھی بارش کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے کھیل نہیں ہو سکا۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز انگلینڈ پہلے ہی تین صفر سے جیت چکا ہے اوراس شاندار کارکردگی کی بدولت انگلش ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں پہلی پوزیشن پر آچکی ہے جبکہ اس سیریز سے پہلے یہ اعزاز بھارت کو حاصل تھا۔

XS
SM
MD
LG