رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں


نیوزی لینڈ عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں
نیوزی لینڈ عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں

ممبئی کے وین کھڈے سٹیڈیم میں اتوار کو عالمی کپ کے گروپ اے کے ایک میچ میں کینیڈا کو97 رنز سے ہرا کر نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

کینیڈا نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بریڈن مکیلم کی شاندار سنچری (101) اور راس ٹیلرکے چوالیس گیندوں پر 74 رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 358 رنز بنائے ۔

جواب میں کینیڈ ا کی ٹیم نے پچاس اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز بنائے اور یوں نیوزی لینڈ یہ میچ باآسانی جیتنے کے بعد آٹھ پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سرفہرست آ گیا ہے۔

جمعہ کونیوزی لینڈ اسی گراؤنڈ پر اپنا اگلا میچ عالمی کپ کے شریک میزبان سری لنکا کے خلاف کھیلے گا اور اگروہ جیت گیا توامکان ہے کہ کوارٹر فائنل میں اُسے بھارت یا جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیموں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل وٹوری فٹ نہ ہونے کی وجہ سے اتوار کا میچ نہیں کھیل سکے۔

برنڈن مکیلم نے حسب روایات جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 101 رنز بنائے اور اُن کے آؤٹ ہونے کے بعد راس ٹیلر نے نیوزی لینڈ کے دیگر مڈل آرڈر بلے بازوں کے ساتھ مل کر کینیڈا کے باؤلروں کی پٹائی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور کو 358 تک پہنچا دیا۔

میچ کے 37ویں اوور میں بیٹنگ پاورپلے کی سہولت حاصل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے کینیڈا کی ناتجربہ کار باؤلنگ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اس دوران بارہ چھکے لگائے گئے۔ عالمی کپ کے حالیہ مقابلوں میں کسی ایک میچ میں لگائے جانے والے یہ سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

پاور پلے کے ایک اوور میں نیوزی لینڈ نے 28 رنز بنائے جن میں چار چھکے شامل تھے۔اس دھواں دھار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیلر نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ وہ 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

XS
SM
MD
LG