رسائی کے لنکس

آل راؤنڈرز کی فہرست میں محمد حفیظ پہلے نمبر پر


محمد حفیظ (فائل فوٹو)
محمد حفیظ (فائل فوٹو)

کرکٹ کی عالمی تنظیم کی طرف سے جاری کی گئی تازہ ترین فہرست کے مطابق پاکستانی کھلاڑی ناصر جمشید بھی پنتالیس درجے پھلانگ کر بلے بازوں کی فہرست میں 31 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق محمد حفیظ شاندار کارکردگی کی بدولت اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں اول نمبر پر آگئے ہیں جبکہ باؤلرز کی فہرست میں سعید اجمل کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

بھارت کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی کھلاڑی ناصر جمشید بھی پنتالیس درجے پھلانگ کر بلے بازوں کی فہرست میں 31 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ انھوں نے چنائی اور کولکتہ میں کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں سنچریاں بنائیں، جبکہ مجموعی طور پر تین میچوں میں 241 رنز بنانے پر اُنھیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا جو پاکستان نے پہلے دو میچ جیت کر اپنے نام کی۔

جنوبی ایشیا کے دونوں حریف ملکوں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی یہ سیریز پانچ سال کے وقفے کے بعد کھیلی گئی جس کا آخری میچ اتوار کو نئی دہلی میں کھیلا گیا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے بھی یہ میچ دیکھا اور اس کے انعقاد پر بھارت کے کرکٹ بورڈ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے دونوں ملک آنے والے سالوں میں اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے تینوں میچوں میں مجموعی طور پر 203 رنز اسکور کیے جس کی بدولت وہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کے بلے بازوں کی فہرست میں دو درجے ترقی کر کے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ بدستور اول اور اُن کے ہم وطن ڈی ویلئرز دوسری پوزیشن پر ہیں جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG